منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر سادہ اور پروقار تقریب

مورخہ: 14 اگست 2010ء

منہاج پیس اینڈ اینٹی گریشن اور منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام مورخہ 14 اگست 2010ء کو ریندی مرکز میں پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہباز احمد صدیقی امیر منہاج القرآ ن انٹرنیشنل یونان نے کہا کہ آج کا مبارک اور پرمسرت دن ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے کہ اس کی صبح صادق کے طلوع آفتاب نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو آزادی کی ایسی نعمت دی کہ ہر قلب پریشان کی کلیاں کھل اٹھیں اور بے چین روحوں کو سکون و قرار کی دولت نصیب ہوئی۔ آج سے تریسٹھ سال پیچھے پلٹ کر دیکھیں تو وہ بات جو ایک ناقابل انکار حقیقت بن چکی تھی کہ ہندو انگریزوں کے ساتھ ملکر اس بات کا تہیہ کر چکے تھے کہ برصغیر پاک و ہند سے اسلامی تہذیب کا نام و نشان مٹا کر رکھ دیں گے۔ مگر اس دوران مسلمانوں کو ایک ایسا عظیم لیڈر قائد اعظم کی شکل میں نصیب ہوا جس نے علیحدہ ریاست کا مطالبہ پیش کیا اور پاکستان کے نعروں سے در و دیوار گونج اٹھے، مسلمانوں نے حصول پاکستان کے لئے کون کون سے قربانیاں نہیں دیں، کئی عورتوں کے سہاگ اجڑ گئے، کتنی ماؤں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے بیٹوں کو کٹتے دیکھا، کتنی بہنیں اپنے بھائیوں کا راہ تکتی رہ گئیں، کتنے بھائی ہندو سامراج سے اپنے عزیزوں کو نہ چھڑا سکے، کتنے بچے معصومیت کی حالت میں یتیم ہو گئے، آخر کیوں صرف ایک امید کی خاطر کہ الگ وطن حاصل کرنا ہے۔

تقریب سے صدر منہاج القرآ ن انٹرنیشنل یونان ملک جاوید اقبال اعوان اور صدر منہاج پیس اینڈ اینٹی گریشن غلام مرتضی قادری نے بھی خطاب کیا جبکہ محمد جمیل شاہ، غلام نبی بھٹی، حاجی محمد یوسف (ہفت روزہ آواز)، ابراہیم فیض (وینس ٹی وی)، الحاج بشیر شاد (تکبیر ٹی وی)، میاں وقار حسین (ہفت روزہ ایکسپریس) اور محمود بزمی (ہفت روزہ عوامی انقلاب) نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کے اختتام پر پاکستان میں آنے والے شدید سیلاب سے تباہ ہونے والے متاثرین کے لئے فنڈ ریزنگ کی گئی جبکہ مرکز منہاج القرآن ریندی کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ : نوید سحر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top