پندرہ کروڑ پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے کم ازکم 100 روپے کا عطیہ دیں تو 15 ارب روپے جمع ہو سکتے ہیں

مورخہ: 19 اگست 2010ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام موسلادھار بارش میں سینکڑوں بچوں کی اسمبلی ہال تا مسجد شہداء چلڈرن فلڈ ریلیف واک

بدترین سیلاب سے متاثر ہونے والے لاکھوں بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی مدد کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سینکڑوں بچوں نے موسلادھار بارش میں اسمبلی ہال تا مسجد شہداء ’’چلڈرن فلڈ ریلیف واک‘‘میں حصہ لیا۔ واک کے بعد بچوں نے مال روڈ سے ملحقہ مارکیٹوں میں فنڈ اکٹھا کیا۔ بچوں نے مختلف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس میں سیلاب زدگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا۔ بچوں نے پندرہ کروڑ پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ سیلاب زدگان کے لیے کم از کم 100 روپے کا عطیہ ضرور دیں اسطرح 15 ارب روپے جمع ہو سکتے ہیں۔ بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کے تناظر میں بچے حکومتی کارکردگی پر احتجاج کر رہے تھے۔ پلے کارڈز پر عوام اور مخیر حضرات کے حکومت پر عدم اعتماد کے حوالے سے تشویش بھرے جملے درج تھے۔ تاریخ کے عظیم المیے کے تناظر میں عالمی برادری کی عدم دلچسپی پر بھی بچوں نے مختلف کتبے اٹھا رکھے تھے۔ بچوں نے اسلامی ممالک سے سیلاب زدگان کی بڑے پیمانے پر مدد کے لے بھی مطالبات کیے۔ UN کی رپورٹ کے مطابق 35 لاکھ بچے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ان کے لیے خوراک، خیمے اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے ادویات کا بھی بچوں نے مطالبہ کیا اور کہا کہ عالمی برادری و ادارے، حکومت، مخیر حضرات اور عوام دل کھول کر عطیات دیں تاکہ مصیبت زدہ خاندانوں اور بچوں کو جلد از جلد نارمل زندگی کی طرف لوٹایا جا سکے۔ بچوں کی واک کا مقصد اس شعور کو بیدار کرنا تھا کہ ہر فرد اپنی بساط کے مطابق سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے بڑھے کیونکہ اتنی بڑی تباہی کے بعد سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ بچوں نے عوام اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنی جائز ضروریات میں کمی کر کے سیلاب زدگان کی مدد میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔ بچوں کی اس ریلی میں نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فلڈ ریلیف کے سربراہ ساجد محمود بھٹی، ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری، ڈائریکٹر امور خارجہ راجہ جمیل اجمل، ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار بیگ، امیر لاہور ارشاد طاہر، مرکزی رہنما اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ جاوید، افضل گجر، حافظ غلام فرید اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top