تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوریٰ کا ہنگامی اجلاس کل ہو گا، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بذریعہ ویڈیو کانفرنس انتہائی اہم اعلان کریں گے
موجودہ نازک ترین ملکی صورتحال کے تناظر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوریٰ کا ہنگامی اجلاس کل (جمعہ) مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں طلب کر لیا ہے۔ وہ کینڈا سے تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، فیض الرحمٰن درانی، جی ایم ملک، قاضی فیض، افتخار شاہ بخاری، چوہدری بابر علی، ڈاکٹر تنویر اعظم، راجہ جمیل اجمل، ساجد بھٹی، احمد نواز انجم، جواد حامد، ارشاد طاہر، عاقل ملک اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ملک بھر کے نمائندہ عہدیداران کی موجودگی میں ملکی صورتحال کے تناظر میں بذریعہ ویڈیو کانفرنس انتہائی اہم اعلان کریں گے اور عہدیداران کو آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں رہنمائی دیں گے۔ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں ملک بھر سے تحریک کے جملہ فورمز کے عہدیداران شرکت کریں گے۔ جمعہ کو ہونیوالے مجلس شوریٰ کے اجلاس کیلئے ملک بھر کی تنظیمات کو اطلاعات پہنچا دی گئی ہیں اور مجلس شوریٰ کے اجلاس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ تحریک کے ناظم اجتماعات جواد حامد کو اس حوالے سے ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔
تبصرہ