شہر اعتکاف کی مرکزی اور ذیلی کمیٹیوں کو فلڈ ریلیف کمیٹی میں ضم کر دیا گیا

مورخہ: 28 اگست 2010ء

بیرون ملک سے آنیوالے سینکڑوں معتکفین میں سے 400 سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پہنچیں گے

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے شہر اعتکاف کو منسوخ کئے جانے اور اعتکاف اخراجات کے تین کروڑ روپے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے خرچ کرنے کے اعلان کے بعد مرکزی اعتکاف کمیٹی اور مختلف انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کا اجلاس قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی سربراہی میں ماڈل ٹاؤن میں ہوا جسمیں تمام انتظامی کمیٹیوں کو مرکزی فلڈ ریلیف کمیٹی میں ضم کر دیا گیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانیوالوں کیلئے مبسوط لائحہ عمل بنانے کیلئے فلڈ ریلیف کمیٹی کو ٹاسک دیا گیا کہ ایک دن کے اندراس کی رپورٹ دی جائے۔ اس موقع پر فلڈ ریلیف کے سربراہ ساجد بھٹی، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری، جی ایم ملک، جواد حامد اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ اجلاس میں منہاج خیمہ بستیوں کی تعداد بڑھانے، 573 سکولوں میں سے 100 سکولوں کو ریلیف کیمپ قرار دینے اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا کام تیز تر کرنے کے ضروری فیصلہ جات ہوئے۔ بیرون ملک میں سے اعتکاف بیٹھنے والے سینکڑوں افراد میں سے 400 افراد شہر اعتکاف کی منسوخی کے باوجود جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پہنچیں گے۔ تحریک منہاج القرآن کی ملک بھر کی تنظیمات کو ای میلز اور خطوط کے ذریعے ریلیف پلان کی تفصیلات بھیج دی گئی ہیں۔ 20 رمضان تک اعتکاف کیلئے آنیوالے ہزاروں افراد سیلاب زدہ علاقوں کو روانہ ہو جائینگے اور متاثرین سیلاب کے خدمت گاروں کی حیثیت سے عید تک متاثرہ علاقوں میں ہی قیام کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top