شہر اعتکاف کے معتکفین 12 دن کے لیے رضا کار بن کر سیلاب زدہ علاقوں کو روانہ

مورخہ: 31 اگست 2010ء

ایک روزہ ٹریننگ کیمپ میں شریک ہزاروں رضا کاران متاثرین سیلاب کے لیے انتہائی پر عزم تھے۔

شہر اعتکاف کی منسوخی کے بعد ہزاروں معتکفین متاثرین سیلاب کا خادم بن کر متاثرہ علاقوں کو روانہ ہو گئے ہیں اور اعتکاف پر اٹھنے والے 3 کروڑ روپے کے اخراجات سیلاب زدگان کی بحالی پر خرچ کرنے کا آغاز ہو گیا ہے۔ 15000 رضا کاران پہلے ہی متاثرہ علاقوں میں امددی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایت پر آنے والے معتکفین ٹریننگ کے بعد متاثرہ علاقوں کو جانے کے سلسلہ کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلہ میں لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد اور کراچی میں رضا کاران کی رجسٹریشن اور ٹریننگ کے لیے ’’رضا کاران کنونشنز‘‘ منعقد ہوئے۔

لاہور میں ہونیوالے ٹریننگ کیمپ سے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، سربراہ فلڈ ریلیف کمیٹی ساجد محمود بھٹی، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری، جواد حامد، جی ایم ملک، راجہ جمیل اجمل، ارشاد طاہر اور دیگر قائدین نے خطابات کئے، اس موقع پر ماہر ڈاکٹروں نے ایمرجنسی ایڈ کی ٹریننگ بھی دی اور بیماریوں سے بچاؤ کی ہدایات بھی دی گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں جانیوالے رضا کاران کے ذمہ منہاج خیمہ بستیوں کا انتظام سنبھالنا، کھانے کی پکوائی اور تقسیم، میڈیکل کیمپس میں معاونت، امدادی سامان کی ترسیل، فنڈ کولیکشن، سامان کی پیکنگ، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے لیے متاثرین کی رجسٹریشن، NDMA کے تحت سرکاری رجسٹریشن میں معاونت، گرے ہوئے مکانوں کے ملبہ کی صفائی، متاثرین کی گھروں کو واپسی میں مدد اور عید کے موقع پر ان کو تحائف دینا اور عید کی تقریبات کا انعقاد شامل ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کے حکم کے مطابق رضا کاران سفری اور کھانے پینے کے اخراجات اپنی جیب سے خرچ کریں گے اور انتظامی اور ٹیکنیکل خدمات سر انجام دیں گے۔

لاہور ڈویژن کے رضا کاران راجن پور، جام پور، فاضل پور، روجھان، کوٹ مٹھن اور گڈو جبکہ گوجرانوالہ و فیصل آباد ڈویژن کے رضا کاران میانوالی، عیسیٰ خیل، لیہ اور کروڑ لعل عیسن چلے گئے۔ راولپنڈی ڈویژن، آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن کے رضا کاران سوات، چارسدہ اور نوشہرہ کے لیے روانہ ہو گئے۔ ملتان اور کراچی ڈویژن کے رضا کاران اندرون سندھ کراچی، ٹھٹھہ، شہداد کوٹ، لاڑکانہ، سکھر، شکار پور، جیکب آباد، ڈیرہ اللہ یار میں سیلاب زدگان کے خدمت گار کے طور پر کام کریں گے۔ اگلے مرحلے میں ملک بھر سے تمام ایمبولنسز روانہ کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل، انجنیئرز اور ٹیکنیکل سٹاف کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں کونسل آف مسلم انجینئرز اینڈ ٹیکنالوجسٹ کے صدر ندیم احمد کی خدمات بھی لے لی گئی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top