لودھراں میں دروس عرفان القرآن کی چھٹی نشست
کل کائنات کا علم قرآن میں ہے اور قرآن قلب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اترا۔ رمضان میں قرآن اور صاحب قرآن سے باہمی تعلق استحکام ایمان کے باعث ہے۔ تقویٰ حب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر نصیب نہیں ہو سکتا۔ جس طرح ہر رسول کے لیے نبی ہونا شرط ہے اسی طرح ہر ولی لازمی طور پر عالم ضرور ہوتا ہے۔ ماہ صیام میں حب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مزین ہو کر ہی تقویٰ کا نور حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام جاری سات روزہ دروس عرفان القرآن کی چھٹی نشست سے خطاب کر تے ہوئے فاضل منہاج القرآن علامہ ثناء اللہ ربانی نے کیا۔
انہوں نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ماہ صیام کو ہمیشہ ہی صاحب قرآن سے قلبی وابستگی کے لیے سنہری موقع قرار دیتے ہیں۔ اسی لیے ملک بھر میں جاری دروس قرآن کے ذریعے امت کے ایمان کے تحفظ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ علامہ ربانی نے مزید کہا کہ آج پاکستان مصیبتوں میں گھرا ہوا ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ اللہ کی طرف رجوع کریں اور سیلاب زدگان کی دل کھول کر امداد کی جائے۔
تحریک منہاج القرآن کے صدر ملک اسلم حماد، ناظم رانا محمد ظاہر، اظہر لنگاہ ایڈووکیٹ، چوہدری غفار سنبل، ملک سلطان، حاجی عزیز بھٹی، عابد جوئیہ، کامران تاج، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے جوانوں نے پروگرام کے شاندار انتظامات کیے۔
پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
تبصرہ