خود کش دھماکے ملک و قوم کی سلامتی کے خلاف گہری سازش ہیں : شیخ زاہد فیاض

ملکی سالمیت کے تحفظ کیلئے فوری اور جرات مندانہ اقدامات کئے جائیں
تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس میں گفتگو

تحریک منہاج القرآن کی سینٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس زیرصدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایک متفقہ قراداد کے ذریعے لاہور اور کوئٹہ میں ہونیوالے خود کش دھماکوں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات کی پرزور مذمت کی گئی۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ خودکش دھماکے ملک و قوم کی سلامتی کے خلاف گہری سازش ہیں۔ سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں خودکش دھماکوں میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک ان افسوسناک لمحات میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں شہید ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ قائمقام ناظم اعلیٰ نے اجلاس میں پیش کی گئی متفقہ قرارداد کے ذر یعے ملک میں مہنگائی کے طوفان، بجلی کی طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ اور سیلاب زدگان کو درپیش مسائل پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔ امن و امان کی مخدوش صورتحال، بے روز گاری، ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کو ملکی یکجہتی کیلئے خطرناک علامت قرار دیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امن و امان کی بحالی، مہنگائی، بے روز گاری، توانائی کے بحران کے خاتمے اور ملکی سا لمیت کے تحفظ کیلئے فوری اور جرات مندانہ اقدامات کئے جائیں تاکہ قوم کا عدم تحفظ کا احساس دور ہو سکے اور ملک کے غریب عوام کیلئے جسم و روح کا رشتہ قائم رکھنا ممکن ہو سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top