پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کا عہد کرے : انوار اختر ایڈووکیٹ

سیلاب زدگان کے لیے بیرونی امداد کی صوبوں و ضلعوں میں منصفانہ تقسیم ہونا چاہیے
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ساڑھے پانچ کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ 1965ء کی جنگ اور حالیہ سیلاب ریلیف میں قوم، میڈیا اور افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ یوم دفاع پاکستان پر پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کا عہد کرے۔ ملکی استحکام کے لیے سیلاب زدگان کی بحالی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں دہشت گردی اور کرپشن جیسے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نجات کے لیے اب تک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ساڑھے پانچ کروڑ روپے کا امدادی سامان متاثرہ علاقوں کو بھجوایا جا چکا ہے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے تحت یوم دفاع کے موقع پر قومی سیمینار بعنوان ’’دہشت گردی، کرپشن اور سیلاب ملکی دفاع اور استحکام کے لیے چیلنج‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ مرکزی صدر فیض الرحمن درانی نے پروگرام کی صدارت کی۔ انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کی بقاء کے لیے سیلا ب زدگان کی بحالی ضروری ہے۔ سیلاب زدگان کے لیے بیرونی امداد کی صوبوں و ضلعوں میں منصفانہ تقسیم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سیلاب ریلیف گرانٹ کی تقسیم میں صوبوں کا اعتماد و شرکت ملکی استحکام کا باعث بنے گی۔ ملکی دفاع و استحکام کے لیے آزاد عدلیہ و خود مختار پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔ پولیس اور سرکاری محکموں کو بھی خود مختاری دی جائے۔ ملکی استحکام و بقا کے لیے پارلیمانی پارٹیاں اور اراکین اسمبلی ریاستی اداروں کو محکوم بنانے کی روش ترک کر دیں۔ انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ اقوم عالم اور پاکستانی قوم کے اعتماد کی بحالی کے لیے زلزلہ و سیلاب ریلیف کی آمدن و اخراجات کی تفصیلات باقاعدگی سے ویب سائٹس پر جاری کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب ریلیف فنڈ کے استعمال کا مربوط آڈٹ اقوم عالم اور پاکستانی قوم کا حکومت پر اعتماد بحال کر سکتا ہے۔ سیمینار سے جی ایم ملک، احمد نواز انجم، سہیل احمد رضا، لہراسب گوندل اور چوہدری محمد افضل نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top