افسوس آج جو جتنا کرپٹ اور ظالم ہے اتنا سر اٹھا کر چلتا ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

جسم کے اعمال کی قبولیت کا دار و مدار دل کے حال پر ہوتا ہے
پاکستانی قوم عید انتہائی سادگی سے منائے اور وسائل کا معقول حصہ مصیبت زدہ سیلاب زدگان پر خرچ کیا جائے
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا نجی ٹی وی پر کینیڈا سے براہ راست خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ افسوس معاشرے کی اکثریت اللہ کی راہ کو چھوڑ چکی ہے، رمضان کے مقدس ماہ میں گلے کٹ رہے ہیں، خون بہہ رہے ہیں، معاشرہ درندگی اور حیوانیت کی طرف بڑھ رہا ہے، جھوٹ، مکر، فریب، کرپشن، ظلم، اور درندگی میں ہم آگے بڑھتے جا رہے ہیں اور بطور ملک و قوم ہم پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ قوم کا احساس کب بیدار ہوگا، ندامت کے آنسو کب بہیں گے؟ افسوس آج جو جتنا کرپٹ اور ظالم ہے اتنا سر اٹھا کر چلتا ہے۔ قوم ہاتھ جوڑ کر اللہ سے معافی مانگے۔ انہوں نے تڑپ کر کہا کہ خدا کے لیے پلٹ آؤ ورنہ مکمل تباہی مقدر ہوگی۔ اپنے اسلاف کے عظیم رویوں سے اکتساب شعور کرکے واپس آجاؤ اور انفرادی اور اجتماعی طور پر شیطانی اعمال سے تائب ہو کر نفس کی اصلاح کے لیے مجاہدہ و ریاضت کرو۔ وہ ستائیسویں شب نجی ٹی وی چینل کے ذریعے براہ راست کینیڈا سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا خطاب پوری دنیا میں لاکھوں مسلمانوں نے دیکھا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ عبادت قلبی، لسانی، بدنی اور مالی 4 طرح کی ہوتی ہے اور ہر وہ عمل جو قیامت کے عذاب سے بچائے وہ عبادت ہے۔ عبادت کی ابتداء حالت قلبی سے ہوتی ہے اور جسم کے اعمال کی قبولیت کا دار و مدار دل کے حال پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شخص مالی استطاعت کے مطابق سیلاب زدگان پر خرچ کرے۔ عید کی خریداری پر خرچ ہونے والے سارے پیسے مصیبت زدہ ان لوگوں پر خرچ کریں جن کا چھت چھن گیا اور روٹی کے لقمے کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نفس کی سخاوت کا مطلب مفلوک الحال لوگوں پر خرچ کرنا ہے۔ پاکستانی قوم عید انتہائی سادگی سے منائے اور وسائل کا معقول حصہ مصیبت زدہ سیلاب زدگان پر خرچ کیا جائے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ مواخات مدینہ صحابہ رضی اللہ عنہم کے اخلاص کا عظیم مظاہرہ تھا اس سے اکتساب شعور کر کے آج ان کی مدد کی جائے جن سے سب کچھ چھن گیا۔ انہوں نے کہا کہ آقا علیہ السلام کا عمل بھی یہ تھا کہ ضرورت مند کی مدد کے لیے نماز کو مؤخر کر دیا تھا۔ آج امت چاہتی ہے اس کا زوال عروج میں بدلے تو وہ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفادار بن جائے، اللہ ضرور اپنے محبوب سے محبت کرنے والوں کی مشکلات کو آسانیوں میں بدل دے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top