منہاج خیمہ بستی نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک میں افطار ڈنر اور سحری کا اہتمام

منہاج ویلفیئر فانڈیشن کے زیراہتمام Pak Trust uk کے تعاون سے رمضان المبارک میں منہاج خیمہ بستی نوشہرہ کے 600 اور منہاج خیمہ بستی اکوڑہ خٹک میں 250 افراد کے لیے افطار ڈنر اور سہری کے کھانے کا اہتمام کیاگیا ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی تقاریب کاانعقاد چار ستمبر 2010ء کو نوشہرہ میں جب کہ 5 ستمبر کو اکوڑہ خٹک میں ہوا۔

سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث آفت زدہ علاقوں میں بے سر و سامان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والے ہزاروں افراد کو عارضی چھت فراہم کرنے کے لیے اس وقت تک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ملک کے طول و عرض میں 8 بڑی اور 12 چھوٹی خیمہ بستیاں آباد کی ہیں۔ یہ خیمہ بستیاں ایک مکمل رہائشی یونٹ کی سہولیات سے لیس ہیں۔ جن میں بجلی، پانی، مسجد، میڈیکل کیمپ، سیکیورٹی، واش رومز اور کیچن وغیرہ شامل ہیں۔ ان خیمہ بستیوں میں سحری اور افطاری کا بہترین انتظام بھی معمول کے مطابق کیا جاتا ہے۔ تاہم 25 رمضان المبارک کو منہاج خیمہ بستی نوشہرہ کے مکینوں کے اعزاز میں ایک خصوصی افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں خیمہ بستی کے تمام مکینوں مرد وخواتین اور بچوں کے علاوہ MWF کے عہدیداران، NGOs کے نمائندگان، حکومتی نمائندگان، پاک فوج و پولیس کے اعلیٰ افسران، صحافی برادری اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ پروگرام کے آغازپر تلاوت قرآن پاک کی سعادت خیمہ بستی میں مقیم ایک طالبعلم فیضان نے حاصل کی جبکہ نعت شریف ایک ننھی منی بچی حفصہ نے پیش کی۔

استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے محترمہ نازیہ مجاہد (کوآرڈینیٹر ریلیف خیبر پختونخواہ) نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے ہم اس مشکل سے نپٹنے کے لیے آپکے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔ متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر بخت زمان خان (نائب امیر تحریک منہاج القرآن خیبر پختونخواہ) نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور MWF نے صوبے کی عوام کا ساتھ دیا ہے اس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریاں قدرت کی طرف سے ایک آزمائش ہے اس سے صبر اور ہمت سے نکلا جا سکتا ہے۔

صحافی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر صحافی ارشد خان نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخواہ کے تمام متاثرہ علاقوں کا وزٹ کیا ہے اور تقریباً ریلیف کی ہر سرگرمی کی کوریج کی ہے تاہم اتنی منظم خیمہ بستی اور کسی جگہ نہیں دیکھی۔ اس پر میں MWF کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہوتی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے صدر وحید خان ہوتی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عوامی نمائندے اپنے عشرت کدوں میں ہیں جبکہ NGOs فیلڈ میں انتہائی مشکل حالات میں متاثرین کی بحالی کا کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ MWF ایک بہت منظم NGO ہے۔ جس کے کارکنان بڑی ہمت کیساتھ ریلیف سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی کرنل احسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیلاب قوم پر ایک آزمائش ہے اور اس آزمائش میں پاک فوج نے بھرپور انداز میں اپنا فرض ادا کرتے ہوئے اپنے پاکستانی بہنوں اور بھائیوں کی مدد کی ہے۔ اس وقت پاک فوج تمام متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ یہاں آ کر محسوس ہوا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بڑے نظم کیساتھ خیمہ بستیوں کو چلا رہی ہے۔ میں MWF کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

آخر پر گفتگو کرتے ہوئے افتخار شاہ بخاری (ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام تمام شرکاء تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی خدمت اور بحالی کے کام کو مزید تیز کرنے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گزشتہ 20 سالوں سے لگاتار ہرسال ہونے والے شہر اعتکاف کو اس سال منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس شہر اعتکاف پر ہونے والے 3 کروڑ روپے بھی متاثرین کی بحالی کے کام پر خرچ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سال منہاج القرآن کے تمام کارکنان اور عہدے داران عید اپنے متاثرہ بھائیوں کے ہمراہ سیلاب زدہ علاقوں میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ MWF متاثرین کی بحالی تک اپنی ریلیف سرگرمیوں کو جاری رکھے گی۔ پروگرام کمپیئرنگ کے فرائض بلال مصطفوی (ایڈوائزر میڈیا) نے سرانجام دیئے۔ تقریب میں کرنل احسن، مسز کرنل احسن (ماہر نفسیات)، وحید خان ہوتی (صدر ہوتی ویلفیئر فاؤنڈیشن)، صفدر خان (تحصیلدار)، پروفیسرحمید خان، ڈاکٹر ذاکر(سکن سپیشلسٹ)، ڈاکٹر طارق محمود (نمائندہ NCHD )، طارق نقشبندی (ناظم تحریک منہاج القرآن خیبر پختونخواہ)، خواجہ محمد اشرف (صدر تحریک منہاج القرآن نوشہرہ)، ذکر حق ہاشمی اور دیگر نے شرکت کی۔

رپورٹ : بلال مصطفوی

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top