منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت اکوڑہ خٹک اور نوشہرہ میں منہاج خیمہ سکول کا آغاز

سیلاب سے بے گھر افراد کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اکوڑہ خٹک اور نوشہرہ میں قائم خیمہ بستیوں میں متاثرہ خاندان کی کفالت کا سلسلہ جاری ہے۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت اکوڑہ خٹک کی خیمہ بستی میں قائم سکول کا افتتاح ممبر گورننگ باڈی منہاج ایجوکیشن سوسائٹی اور ممتاز آرٹسٹ عثمان پیر زادہ نے کیا۔ اس موقع پر شاہد لطیف ڈائریکٹر MES، ڈائریکٹر MWF افتخار شاہ بخاری، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنزجواد حامد، مرکزی رہنما ساجد محمود بھٹی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام بھی موجود تھے۔

عثمان پیر زادہ نے خیمہ بستی کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں رہائش پذیر متاثرین کے ساتھ گھل مل گئے۔ متاثرہ خاندانوں نے منہاج خیمہ بستی میں موجود سہولتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور پانی کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ ہر خیمے میں ہوا کے لیے پنکھا فراہم کیاگیا اور کھانا پکانے کا بہترین مرکزی نظام بھی موجود ہے۔ عثمان پیر زادہ نے منہاج خیمہ سکول کے افتتاح کے بعد بچوں کے ساتھ دوگھنٹے گزارے۔ اس موقع پر بچوں نے اپنے ہاتھ سے بنائی گئی پینٹنگ اور ڈرائنگ ورک بھی دکھایا۔

عثمان پیر زادہ نے اس موقع پر کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی اور فلاحی خدمات قابل تحسین ہیں میں ان کا دل سے احترام کرتا ہوں۔ متاثرین کے لیے بنائی گئی خیمہ بستی کا وزٹ کر کے میرا دل بڑا خوش ہوا ہے، یہاں فلاح اور تعلیم کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا ہے۔ کارکنوں کا جذبہ مثالی ہے جو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت میں گھرے افراد کے لیے جو کام منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے کیا ہے وہ صد بار لائق تحسین ہے۔

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر شاہد لطیف نے کہا کہ خیمہ بستی میں موجود بچوں کے لیے منہاج خیمہ بستی سکول کا آغاز ساتھ ہی کردیا گیا تھا تاکہ مصیبت کے ان ایام میں بھی بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں اور بچیوں کے لیے قائم سکول میں کل اور جزو وقتی اساتذہ کا انتظام کیا گیا ہے۔ کتابوں کاپیوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور یہ سکول خیمہ بستیوں کے اختتام تک جاری رہیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top