تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ کے تحت چک روڑی (مظفرگڑھ) میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے عید کیمپ

تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ کے عہدیداران نے مظفرگڑھ کے علاقہ چک روڑی میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے عید کیمپ لگایا جس میں 2 ہزار متاثرہ خاندانوں کو کھانا کھلایا گیا اور بچوں کو کھلونے اور نقد عیدی دی گئی۔ کیمپ کے مہمان خصوصی نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس تھے جنہوں نے تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ کی خیمہ بستی میں آئے ہوئے تمام متاثرین میں عید گفٹ پیکج تقسیم کیا۔

ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس سال اعتکاف منسوخ کر کے قوم کو یہ پیغام دیا ہے کہ جب قوموں پر مصیبت آتی ہے تو ان کی خدمت کرنا سب سے بڑی عبادت ہے۔ اس موقع پر وہاں کے لوگوں نے شیخ الاسلام کے لئے خصوصی دعا کی اور کہا کہ انہوں نے مصبیت کی اس گھڑی میں اپنے کارکنوں کو ہمارے پاس بھیجا تاکہ وہ ہمارے ساتھ مل کر عید کی خوشیاں منائیں۔ اسی طرح مظفر گڑھ کے لوگوں نے بھی کہا کہ جس طرح تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں نے یہاں آکر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ عید منائی ہے اس طرح کسی اور تنظیم نے نہیں کیا۔

اس موقع پر سیاسی و مذہبی رہنما ڈاکٹر محمد اعجاز نے کہا کہ ہم تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مشکور ہیں کہ وہ عید کی ان خوشیوں میں بھی ہمیں نہیں بھولے۔ ہمیں اس بات کی بہت زیادہ خوشی ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے قائدین اور کارکنوں نے ہمارے ساتھ عید گزاری۔ اس کے ساتھ ساتھ وہاں میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا جس میں ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کی ٹیم نے اپنی خدمات سرانجام دیں۔ کیمپ میں آئے ہوئے تقریباً ایک ہزار لوگوں نے وہاں سے چیک اپ کروایا اور مفت ادویات لیں۔ آخر میں صفدر علی بٹ اور محمد سجاد بسرا نے ڈاکٹر حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی خدمات سیلاب زدگان کیلئے مختص کیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top