اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ انسان وہ ہے جو اس کی دکھی، غمزدہ اور محروم مخلوق کے کام آئے: افتخار شاہ بخاری

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی، بے سہارا اور ضرورت مند افراد کے دکھوں کے مدوا کے لیے سرگرم عمل ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت اس کا بنیادی مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار افتخار شاہ بخاری ناظم ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سینئر نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ساجد گوندل کی قیادت میں آئے ہوئے طلبہ کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر میاں طاہر یعقوب سینئر نائب ناظم منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن، میاں زاہد اسلام اور احمد معین بھی موجود تھے۔ افتخار شاہ بخاری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کا فلاحی نظام اسلامی ریاست کے اندر ایک جانور کے بھوکے، پیاسے اور تکلیف میں رہنے کو گوارا نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ انسان وہ ہے جو اس کی دکھی، غمزدہ اور محروم مخلوق کے کام آئے اسی وجہ سے اسلام میں حقوق العباد کو فوقیت دی گئی ہے۔ طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن شادیوں کی اجتماعی تقریب، پانی کی کمی والے علاقوں میں واٹر پمپس، تعلیمی وظائف، طبی امداد، قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی، ناگہانی حادثات، ایمرجنسی میں فرسٹ ایڈ، خون اور ایمبولینس کی فراہمی، امداد بذریعہ بیت المال، منشیات کے خلاف جہاد، عالمی امن کے قیام کے لے رواداری کے فروغ جیسے عظیم مقاصد کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں طاہر یعقوب نے کہا کہ اکتوبر 2005ء میں آنے والے ہولناک زلزلے میں ماں باپ کے سایہ سے محروم بچوں کی پناہ گاہ آغوش کی 500 بچوں کی اقامتی بلڈنگ 40 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا دنیا کے 80 ممالک میں تنظیمی نیٹ ورک ہے اور پوری دنیا میں بلا امتیاز رنگ و نسل، جنس و مذہب انسانیت کی خدمت اس کا منشور ہے۔ پاکستان میں آنے والے حالیہ بدترین سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے اقدامات ہماری فوری اور اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top