منہاج اسلامک سنٹر بریڈ فورڈ کی سیلاب متاثرین کےلیے نمایاں خدمات

منہاج اسلامک سنٹر بریڈ فورڈ میں مورخہ 01 اکتوبر 2010ء کو پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کے سلسلہ میں ایک تقریب کا انقعاد کیا، جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی تھے۔ تقریب میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے جمع کی گئی خطیر رقم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے حوالے کردی گئی ہے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد درود پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نذرانہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد افضل سعیدی نے کہا کہ تنظیمی و تحریکی زندگی میں بعض کاوشیں تاریخ میں ایک مثال بن جاتی ہیں، قرآن و سنت کی تعلیمات پر ان کی صحیح روح کے مطابق عمل اور حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ سے سچی اور بے پناہ محبت و عقیدت کے اظہار میں جملہ انسانیت کے دکھ درد بانٹنا اس عظیم مصطفوی مشن کا تقاضا ہے جس پر عمل کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ہمیشہ تلقین کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ عبدالسعید نے کہا کہ تحریکی کارکنوں کا سب سے بڑا سرمایہ جذبہ ایثار ہے اگر یونہی باہم مل جل کر کام کیا جائے تو بڑے سے بڑا ٹارگٹ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ ایک اچھا آغاز ہے جسے بریڈ فورڈ ادارہ جاری و ساری رکھے گا اور ہم اپنے عظیم قائد کی سرپرستی میں ان کے شانہ بشانہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سیکرٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمات کا قیام اسی لئے عمل میں لایا جاتا ہے کہ ایک نقطہ نظر رکھنے والے اور ایک مقصد کے لئے جدوجہد کرنے والے جب ایک نظم کے اندر پرو دیئے جائیں، پھر وہ خودی کو ختم کر کے اجتماعیت میں گم ہو جائیں اور اپنے عظیم مقاصد کی تکمیل کے لئے مخلصانہ جدوجہد شروع کر دیں تو اللہ کا دست رحمت ان میں شامل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشن آپ کا ہے اس کا مقصد ہم سب کی نسلوں کے ایمان کا تحفظ ہے اجتماعیت کا درس اللہ رب العزت نے دین کے ہر رکن میں دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب خود کو پاکیزہ خیالات اور کیفیات میں رکھیں کیونکہ شیطان وسوسے ڈال کر اور پراگندہ خیالات میں الجھا کر نفاق ڈال دیتا ہے۔ تحریکی جدوجہد میں ہر طرح کے لوگ شامل ہوتے ہیں، ہر ایک میں خوبیاں بھی ہوتی ہیں اور خامیاں بھی، کوئی بھی شخص معصوم من الخطاء نہیں ہے۔ انسانی فطرت کا تقاضہ ہے کہ کام کرتے وقت ہم دوسروں کی کمزوریوں پر نظر رکھتے ہیں جس سے دل میں تکلیف اور پریشانی ہوتی ہے پھر اس فرد کے بارے میں دل میں ایک دوری پیدا ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد کا حکم ہے کہ ٹیم ورک کرتے وقت ہمیشہ دوسرے کی خوبیوں پر نگاہ رکھیں اور دوسروں کی خامیوں کو ان کی کمزوری سمجھیں ۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ اور محروم طبقوں سے محبت رکھیں، فقراء اور مساکین کی دلجوئی، خیر خوائی اور قدر دانی کریں۔ اپنی دولت اور ملکیت کو خدا کی طرف سے آزمائش سمجھیں، محتاجوں پر دل کھول کر خرچ کریں اور یاد رکھیں کہ انہی فقراء کے سبب امیروں کو روزی ملتی ہے۔ اپنی بنیادی ضروریات کی تکمیل کے بعد دوسروں کی خیر خواہی، مستحقین کی اعانت اور اجتماعی فلاح و بہبود کے کاموں میں حسب استطاعت اپنا مال خرچ کریں، مال دار لوگوں پر فرض ہے کہ معاشرے میں پسماندہ طبقوں کی ضروریات زندگی کا ہر طرح سے خیال رکھیں۔

پروگرام کے اختتام پر بریڈ فورڈ تنظیم کی طرف سے سیکرٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل کو سیلاب زدگان کی معاونت کے لئے جمع کی گئی خطیر رقم دے گئی جس پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں رضوان رحمن، راجہ منصور، اورنگزیب، ملک تصور اعوان اور دینہ سے تشریف لائے شیخ وحید نے خصوصی شرکت کی۔

رپورٹ : شاہد جنجوعہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top