منہاج ویلفیئر فاونڈیشن راولپنڈی کی سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیاں

پاکستان کی تاریخ کے حالیہ بدترین سیلاب میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن راولپنڈی نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ تحریک منہاج القرآن راولپنڈی، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ راولپنڈی کے کارکنان نے دن رات ایک کر کے متاثرین سیلاب کی خدمت کی۔ اس سلسلے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن راولپنڈی کی جانب سے متاثرین کے لیے 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا امدادی سامان متاثرین تک پہنچایا۔ جس میں اشیائے خورد و نوش، کپڑے، جوتے، دوائیاں اور دیگر ضروری اشیاء شامل تھیں۔ ان کو نوشہرہ، اکوڑہ خٹک، لیہ اور راجن پور میں قائم منہاج خیمہ بستیوں میں مقیم سیلاب زدگان کو پہنچایا گیا۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار حسین بخاری نے بحالی کے دیگر کاموں کے لئے 12 لاکھ نقد امداد بھی متاثرین میں تقسیم کی۔ سیلاب آنے کے فوراً بعد سے لے کر 20 ستمبر تک خصوصاً رمضان کے آخری عشرے میں تمام کارکنوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر دن رات امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

امدادی سرگرمیوں میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کی کارکردگی بھی مثالی رہی۔ یوتھ لیگ کے کارکنوں نے مختلف علاقوں میں ایک ماہ تک 6 امدادی کیمپس لگائے۔ عید الفطر کے دن بھی کیمپ لگائے گئے۔ اس کے علاوہ ایک خوبصورت امدادی فلوٹ بھی تیار کر کے شہر کے کونے کونے تک لے جایا گیا اور اس کی مدد سے 3 لاکھ روپے اکھٹے کیے گئے۔ فلوٹ کے علاوہ یوتھ لیگ کی ذیلی تنظیمات نے ساڑھے چھ لاکھ روپے جمع کیے۔

یوتھ لیگ کو ایک لاکھ نوے ہزار کا ہدف دیا گیا تھا۔ اسی طرح تحریک کی تنظیمات کا ہدف ساڑھے چھ لاکھ تھا، انہوں نے 17 لاکھ روپے سے زائد اکھٹے کئے۔ منہاج ویمن لیگ کا ہدف ایک لاکھ دس ہزار روپے تھا، انہوں نے ایک لاکھ 60 ہزار اکھٹے کئے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس نے 30 ہزار روپے کا ہدف حاصل کیا۔ یوں راولپنڈی میں تحریک کے تمام فورمز نے اپنے اہداف سے تین گنا زائد امدادی رقم جمع کی۔

مجموعی طور پر راولپنڈی تنظیم نے اس مہم کے دوران تین سیمینار منعقد کرائے۔ ایک ماہ تک دس کیمپس میں 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان جمع ہوا، جس کو 9 ٹرکوں کے ذریعے نوشہرہ، اکوڑہ خٹک، لیہ اور راجن پور بھجوایا گیا۔ 12 لاکھ روپے نقد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی مرکزی تنظیم کو لاہور بھجوائے گئے۔ چند ڈونرز کے ذریعے 3 ہزار فی خاندان کے حساب سے تقریباً 3 لاکھ روپے نقد عیدی اکوڑہ خٹک اور نوشہرہ کی منہاج خیمہ بستیوں میں مقیم متاثرہ خاندانوں میں بھی تقسیم کی گئی۔ اس کے علاوہ ان دونوں بستیوں کے ہر خاندان کو ایک ایک بہترین کوالٹی کا فوم میٹرس، گرم لحاف، تکیہ اور ہر عورت و مرد کو ایک ایک گرم چادر کے علاوہ عید کے تحائف بھی دیئے گئے۔

مہم کے ہر حصے کی بھرپور پرنٹ میڈیا کوریج بھی حاصل کی گئی۔ اس سلسلے میں 26 ستمبر 2010ء کو پریس کلب راولپنڈی میں ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار حسین بخاری اور مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ بابر علی چودھری نے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ جس میں سیلاب سے متاثرہ مہم کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کارکنان اور ڈونرز کوایوارڈز اور شیلڈز دی گئیں۔ علاوہ ازیں تنظیمات کو اگلے تین ماہ کے نئے اہداف بھی دیئے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top