حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ قادرالکلام خطیب، طبیب اور عظیم صوفی تھے : صاحبزداہ فیض الرحمان درانی

فرید ملت کا قلب و باطن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق سے سیراب تھا : پیر غلام رسول اویسی
حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں : علامہ سید فرحت حسین شاہ
ڈاکٹر علی اکبر الازہری، علامہ ظہور احمد فیضی، علامہ پروفیسر عبدالرحمن و دیگر کا فرید ملت سمینیار سے خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی فرید ملت حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کے عرس مبارک کے موقع پر منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام سیمینار مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں بعنوان ’’فرید ملت سمینار‘‘ منعقد ہوا، جس کی صدرات مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کی جبکہ سمینار میں مشائخ عظام، جید علمائے کرام اور قائدین تحریک منہاج القرآن کی کیثر تعداد نے شرکت کی۔

سجادہ نشیں علی پور چٹھہ شریف علامہ پیر غلام رسول اویسی نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی اپنے دور کے عظیم مرد قلندر تھے جو ہر وقت اولیاء اللہ کا فیض جمع کرتے رہے، وہ علم لدنی سے مالا مال تھے۔ انہوں نے کہا کہ فرید ملت کا قلب و باطن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق سے سیراب تھا۔

تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ پروفیسر عبدالر حمن نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شجر فرید کا وہ پھل ہے جس کی خوشبو سے آج پورا عالم مستفید ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفی بزرگ ڈاکٹر فرید الدین قادری کا باطن پا کیزہ تھا، ان کی فکر شفاف تھی اور ان کے سینے میں اسلام کے عروج کیلئے تڑپ تھی۔

علامہ پیر تبسم اویسی نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین محسن امت مسلمہ ہیں جن کی بدولت ہمیں حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی نعمت عظمیٰ نصیب ہوئی جس پر ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر بجا لاتے ہیں۔

علامہ سید فرحت حسین شاہ مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل نے سمینیار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج منہاج القرآن علماء کونسل کا یوم تاسیس ہے اور اس موقع پر اپنے دور کے عظیم عالم دین کو خراج عقیدت پیش کرکے ہم ایک نئے عزم اور جوش و جذبے سے آغاز سحر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں۔ ان کی تعلیمات پر عمل کر کے یقینا امت زوال سے نکل کر عروج کے سفر پر گامزن ہو سکتی ہے۔

فرید ملت سمینیار سے ڈاکٹر علی اکبر الازہری اور علامہ ظہور احمد فیضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی دعا سے امت مسلمہ کو شیخ الاسلام کی صورت میں وہ عظیم ہستی عطا ہوئی جس نے پوری دنیا میں اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کر دیا۔

آخر میں مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے اپنے صدراتی کلمات میں کہا کہ حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ قادرالکلام خطیب، طبیب اور عظیم صوفی تھے۔ جن کی تعلیم و تربیت اور صحبت کا عظیم شاہکار آج شیخ الاسلام کی صورت میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا وجود عظیم صوفی ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی اس دعا کا ثمر ہے جو انہوں نے مقام ملتزم پر کھڑے ہو کر ما نگی تھی اور جس کی مقبولیت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صورت میں سب کے سامنے ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top