منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام فرید ملت سمینار 2010ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی فرید ملت حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کے عرس مبارک کےموقع پر منہاج القرآن علماء کونسل نے ’’فرید ملت سیمینار‘‘ منعقد کیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے سیمینار کی صدرات مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کی۔ سیمینار میں علامہ پیر تبسم اویسی، سجادہ نشین علی پور چٹھہ شریف علامہ پیر غلام رسول اویسی، علامہ پروفیسر عبدالرحمن، علامہ سید فرحت حسین شاہ، ڈاکٹر علی اکبر الازہری اور علامہ ظہور احمد فیض کے علاوہ ملک بھر سے مشائخ عظام، جید علمائے کرام اور منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشیں علی پور چٹھہ شریف علامہ پیر غلام رسول اویسی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی اپنے دور کے عظیم صوفی بزرگ اور مرد قلندر تھے جو ہر وقت اولیاء اللہ کا فیض جمع کرتے رہے۔ ان کی علمی تشنگی کا یہ عالم تھا کہ وہ علم لدنی سے مالا مال تھے۔ انہوں نے کہا کہ فرید ملت کا قلب و باطن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق سے سیراب تھا۔ جس کی روشن دلیل ان کے فرزند ارجمند شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں۔

علامہ پروفیسر عبدالرحمن نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شجر فرید کا وہ پھل ہے جس کی خوشبو سے آج پورا عالم مستفید ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفی بزرگ ڈاکٹر فرید الدین قادری کا باطن پا کیزہ تھا، ان کی فکر شفاف تھی اور ان کے سینے میں اسلام کے عروج کیلئے تڑپ تھی۔ یہ ان کی علمی و روحانی دلچسپی کا نتیجہ تھا کہ شیخ الاسلام آج دنیا بھر میں فرید ملت کا علمی فیض بانٹ رہے ہیں۔

علامہ پیر تبسم اویسی نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین محسن امت مسلمہ ہیں جن کی بدولت حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی نعمت عظمیٰ نصیب ہوئی جس پر ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر بجا لاتے ہیں۔ آج ہمیں ان کی تعلیمات کو آگے بڑھانا اور اس پر عمل کرنا ہوگا۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نےکہا کہ آج 09 اکتوبر 2010ء کو منہاج القرآن علماء کونسل کا یوم تاسیس ہے۔ اس موقع پر اپنے دور کے عظیم عالم دین کو خراج عقیدت پیش کرکے ہم ایک نئے عزم اور جوش و جذبے سے آغاز سحر کررہے ہیں۔ حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں۔ ان کی تعلیمات پر عمل کر کے یقینا امت زوال سے نکل کر عروج کے سفر پر گامزن ہو سکتی ہے۔

سیمینار سے ڈاکٹر علی اکبر الازہری اور علامہ ظہور احمد فیضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی دعا سے امت مسلمہ کو شیخ الاسلام کی صورت میں وہ عظیم ہستی عطا ہوئی جس نے پوری دنیا میں اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کر دیا۔ یہ پیغام قریہ قریہ پھیل رہا ہے۔ اس پیغام امن سے ہی دنیا میں حقیقی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

آخر میں مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے اپنے صدراتی کلمات میں کہا کہ حضرت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ قادرالکلام خطیب، طبیب اور عظیم صوفی تھے۔ جن کی تعلیم و تربیت اور صحبت کا عظیم شاہکار آج شیخ الاسلام کی صورت میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا وجود عظیم صوفی ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی اس دعا کا ثمر ہے جو انہوں نے مقام ملتزم پر کھڑے ہو کر ما نگی تھی اور جس کی مقبولیت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صورت میں سب کے سامنے ہے۔

تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top