منہاج القرآن ویمن لیگ مصیبت کی اس گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ ہے اور انسانیت کی خدمت ہمارا اولین مشن ہے : سمیرا رفاقت

وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب لوگ مل کر دکھ کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کریں
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار میں ایدھی، الخدمت، جماعت اسلامی، ہلال احمر، امامیہ آرگنائزیشن
و دیگر NGO's کی شرکت
سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ، سعیدہ موسوی، ضمیر احمد، عافیہ سرور، علینہ ٹوانہ، صبا صادق، نبیرہ عندلیب کا سیمینار سے خطاب

پاکستان کی تاریخ کا بدترین سیلاب جس جس بستی سے گزرا اپنے پیچھے تباہی و بربادی، دکھ اور غم کی بے شمار داستانیں چھوڑ گیا۔ بے گھر ہونیوالے لاکھوں پاکستانیوں میں سے کوئی ایک بھی ایسا نہیں جس نے کچھ نہ کچھ کھو جانے کا دکھ نہ جھیلا ہو۔ معصوم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں سمیت لاکھوں لوگوں کے گھر تباہ ہو گئے، کروڑوں افراد بے گھر ہو گئے، سینکڑوں سکول اور ہسپتال سیلاب کی نذر ہو گئے۔ ہنستے بستے شہر اور بستیاں کھنڈرات میں بدل گئیں اور آج معصوم بچے، بہنیں اور بزرگ ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیت نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں متاثرین سیلاب کیلئے منعقدہ اہم فکری سیمینار بعنوان "سیلاب سے متاثرہ خواتین اور بچے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایک جائزہ" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام منعقدہ اس اہم فکری سیمینار میں ملک بھر سے اہم NGO's، موثر سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ایدھی فاؤنڈیشن سے ضمیر احمد، ہلال احمر سے علینہ ٹوانہ، جماعت اسلامی سے عافیہ سرور، الخدمت فاؤنڈیشن سے صائمہ شبیر، صبا ثاقب، ایڈوانس لرنر ایجوکیشنل ٹرسٹ سے محمدکامران، امامیہ آرگنائزیشن سے سعیدہ موسوی، جامعہ نعیمیہ سے نبیرہ عندلیب، قربان اینڈ ثریا ٹرسٹ سے عابدہ مسعود، سپارک آرگنائزیشن سے صاحبہ عرفان کے علاوہ صبا صادق، عابدہ حسین، عورت فاؤنڈیشن، سبیل آرگنائزیشن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی قائدین صدف اقبال، ساجدہ صادق اور سدرہ کرامت علی نے سیمینار میں شرکت کی۔

سمیرا رفاقت نے اپنی گفتگو میں کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی ہدایات دیں ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ہزاروں کارکنان شب و روز امدادی سرگرمیاں میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر فورمز مصیبت کی اس گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ ہیں اور انسانیت کی خدمت ہمارا اولین مشن ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ضمیر احمد، صائمہ شبیر، سعیدہ موسوی، علینہ ٹوانہ، عافیہ سرور و دیگر نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے امدای کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب لوگ مل کر دکھ کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کریں اور امدادی کاموں کا سلسلہ متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری رکھیں۔

صدف اقبال نے سیمینار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ MWF کے تحت مختلف متاثرہ علاقوں میں بیسیوں خیمہ بستیاں قائم ہیں جہاں سینکڑوں خاندانوں کی معاشی کفالت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں پاکستانی قوم بالخصوص سیاسی، مذہبی و سماجی رہنماؤں اور دانشوروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مل بیٹھ کر متاثرین کو در پیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیں اور ان کے حل کیلئے متفقہ لائحہ عمل طے کریں اگر ایسا نہ کیا گیا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top