کراچی میں ٹارگٹ کلنگ لسانی، علاقائی اور سیاسی بنیادوں پر فسادات کو ہوا دینے کی گھناؤنی سازش ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

انتہا پسندی، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کیلئے حکومت سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھائے
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کینیڈا سے ٹیلیفونک گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افسوسناک واقعات کا تسلسل پاکستان کو غیرمستحکم کرنے صوبائی عصبیت کو جنم دینے اور مذہبی و سیاسی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ملک میں لسانی، علاقائی اور سیاسی بنیادوں پر فسادات کو ہوا دینے کی گھناؤنی سازش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کیلئے حکومت انتہائی سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھائے تاکہ عوام میں پائے جانیوالے عدم تحفظ کے شدید احساس کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک سے کینیڈا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا، جبکہ اس موقع پر راجہ جمیل اجمل، جواد حامد، شاہد لطیف، افتخارشاہ  بخاری اور ساجد محمود بھٹی بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں اور بالخصوص کراچی میں انسانی جسموں کے بکھرتے اعضاء خون سے رنگین مسجدیں اور شاہراہیں سوال کرتی ہیں کہ کیا یہ انسانوں کا معاشرہ ہے؟ ایسا تودرندے بھی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں ایک طرف تو سیلاب انسانی آبادیوں کو نگل چکا ہے تو دوسری طرف دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں خون انسانی جسموں سے اچھل رہا ہے۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ دہشت پھیلانے والے ایسے مٹھی بھر درندوں سے نبٹنے کیلئے عوام کو باہوش رہ کر ارد گرد پر نظر رکھنا ہوگی۔ دہشت گردی کی خونی لہروں کے آگے بند باندھنے کیلئے ضروری ہے کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر موثر اور منظم کاوشیں کی جائیں۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی سے جنم لینے والی دہشت گردی کے خلاف فکری طور پر مضبوط ہو کر جنگ لڑنا ہو گی اور آنیوالی نسلوں کو پرامن ماحول دینے کیلئے ہمیں بطور قوم دہشت گردی کے خاتمے کا چیلنج قبول کرنا ہو گااور حکمت و جرات اور ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ دہشت گردی کے عفریت کو ابدی موت دینا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top