پاکستانی عوام دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں : ڈاکٹر محمد طاہر القادری

پاکستانی عوام دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور پنے اپنے حلقوں کے اندر اپنی مدد آپ کے تحت امن کمیٹیاں تشکیل دے کر معاشرے میں خوف وہراس، ڈاکہ زنی ، قبضہ گروپوں اور غریبوں کی زندگیاں اجیرن کرنے والوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں اورجو ادارے اپنے فرائض منصبی دیانتداری سے ادا نہ کریں ان کا محاسبہ کرنے کے لئے میڈیا کی خدمات حاصل کریں جو ملکی سیاسی او معاشرتی حالات کی بہتری کے لئے اپنی اہلیت کے مطابق قابل ستائش ذمہ داریاں نبھانے کی کوششوں میں مصروف ہے ان خیالات کا اظہار بانی وسرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور معروف سکالر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مورخہ 23 اکتوبر 2010 کو ہیتھرو ایئر پورٹ لندن پہنچنے پر میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل دہشت گردوں اور امن پسند معاشرے کے درمیان اس حفاظتی بند کا نام ہے جو علم کے زور پر سادہ لوح مسلمان نوجوانوں کو قتل وغارت اور انتہا پسندانہ سوچ میں یقین رکھنے والوں کے ساتھ شامل ہونے سے روکنے کا دینی فریضہ ادا کر رہی ہے اور اس ہراول دستہ میں ہر مسلمان کی شمولیت دینی اور معاشرتی ذمہ داری کا تقاضہ ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کراچی کے حالات اور ملکی ساسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملک میں دیانتدارانہ طرز سے حقیقی عوامی قیادت برسرا قتدار نہیں آجاتی ملکی سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر تنزلی کے سفر کی جانب رواں دواں رہے گا ہماری موجودہ سیاسی قیادت اور اپوزیشن کا اولین مقصد اور سوچ اقتدار کا حصول ہے اور جب تک یہ مقصد اور سوچ ملکی استحکام اور پاکستانی عوام کی خوشحالی پر فوقیت حاصل نہیں کر لیتی اس وقت تک موجودہ صورتحال میں تبدیلی کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ برطانیہ اور یورپ کے مذہبی راہنمااپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اہم دینی خدمات سرانجام دینے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری لندن میں گلوبل پیس اینڈ یونیٹی کے زیر اہتمام ہونے والے اجتماع میں شرکت کے لئے مہمان خصوصی کی حیثیت سے لندن پہنچے تھے۔

رپورٹ: آفتاب بیگ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top