تحریک منہاج القرآن نے جمعۃ المبارک شان دفاع اولیاء کے طور پر منایا

بزرگان دین نے ہمیشہ نفرتوں، کدورتوں کو ختم کرنے اور صلہ رحمی سے پیش آنے کے دروس دیے ہیں۔ فیض الرحمان درانی

تحریک منہاج القرآن نے اندرون و بیرون ملک جمعۃ المبارک شان دفاع اولیاء کے طور پر منایا۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمان درانی نے جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ بزرگان دین، پیران کرام اور مشائخ عظام کا معاشرے میں روحانی، اخلاقی اور مثبت رویوں کے فروغ میں ہمیشہ اہم اور نمایاں کردار رہا ہے۔ مزارات مقدسہ پر بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کے مزارات ہمیشہ امن و آشتی کے مراکز رہے ہیں۔ علم و عرفان پھیلانے کے ان مراکز سے محبت، اخوت، ہمدردی اور بھائی چارے کی صدائیں آتی ہیں۔ بزرگان دین نے ہمیشہ نفرتوں کدورتوں کو ختم کرنے اور صلہ رحمی سے پیش آنے کی تعلیمات دیں۔ انہوں نے پاکپتن شریف میں حضرت بابا فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ کے مزار مبارک پر ہونیوالے بم دھماکے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ، عبداللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ علیہ اور بابا فرید رحمۃ اللہ علیہ کے مزار ت پر یکے بعد دیگرے دھماکے کوئی کلمہ گو نہیں کر سکتا۔ اس مشکل اور کڑے وقت میں تمام علماء مشائخ اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مل بیٹھ کر اس سازش کو ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ایسے شر پسند عناصر اور خفیہ ہاتھوں کو تلاش کرے۔ اگر داتا علی ہجویری اور عبداللہ شاہ غازی کے مزارات کی بے حرمتی کرنے والوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی ہوتی تو یقینا پاکپتن میں یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔

انہوں نے اپوزیشن اور حکومت دونوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے واقعات کے بعد ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کی بجائے مل بیٹھ کر ایسی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن جمعۃ المبارک کو پاکستان اور ساری دنیا میں شان دفاع اولیاء کے طور پر منا کر یہ پیغام دے رہی ہے کہ ہر شخص امن کے قیام میں اپنے کردار کو پہچانے اور اسکا شعور اولیاء کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ملے گا۔ دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے اسلامک سینٹرز اور مساجد بزرگان دین کے احترام اور ان کے مزارات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قرار دادیں منظور کی گئی ہیں اور دھماکوں میں شہید ہونیوالوں کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top