ہر دس دن بعد بجلی، پٹرول اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ڈرون حملوں کی حیثیت رکھتا ہے: جی ایم ملک

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان جی ایم ملک نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا طوفان تو پہلے ہی موجود ہے، پٹرلیم مصنوعات کے نرخوں میں حالیہ اضافہ عوام دشمنی اور سراسر ظلم کے مترادف ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونیوالے اضافے کے اثرات ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء پر مرتب ہوتے ہیں اور ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے اور مظلوم عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ نہ ڈالے جن کی قوت برداشت اور ہمت دونوں ہی جواب دے چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر کی قیادت میں آئے ہوئے تاجروں کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت غربت ہمارے ملک کا سب سے بڑا اور بنیادی مسئلہ ہے۔ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کی عوام خوشحال نہ ہو۔ غربت سے ہی بہت سی برائیاں، کرپشن، لوٹ مار، قتل و غارت گری، خود کشی اور دیگر کئی غیر قانونی و غیر اخلاقی اقدامات اس وقت سرزد ہوتے ہیں جب غربت حد سے بڑھ جائے اور لوگوں کا زندہ رہنا مشکل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر حکومت میں آنے والے غریب عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم کر رہے ہیں۔ مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ہر دس دن بعد بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ڈرون حملوں کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کا سنجیدہ اور مثبت پروگرام بنائے اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے کیونکہ حکمرانوں نے پٹرول بم گرا کر معصوم عوام سے جینے کی آخری امید بھی چھیننے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری تو عام آدمی کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنا ہے نہ کہ اسے گرانی بد امنی اور بے روزگاری کی بند گلی میں دھکیلنا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top