منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت 25 شادیوں کی اجتماعی تقریب، 50خاندان ایک ہوگئے

ہر دلہن کو سوا لاکھ روپے کے سامان کا گفٹ، دلہنوں کو سونے کے سیٹ اور دولہوں کو گھڑیاں پہنائی گئیں
2000 مہمانوں کی کھانے سے تواضع، قرآن پاک کے سائے اور آنسوؤں کی برسات میں دلہنوں کی رخصتی

فرسودہ رسم و رواج اور غربت میں جکڑے معاشرے میں بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنا غریب کیلئے ناممکن ہوتا جارہا ہے، ان حالات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں چلنے والی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت 25 جوڑوں کی شادیوں کی پروقار تقریب گلفشاں کالونی جھنگ روڈ فیصل آباد کے وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ اس پر وقار تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے سرپرست حاجی محمد رشید قادری نے کی۔

باراتوں کی آمد کا سلسلہ دوپہر ایک بجے تک جاری رہا، ڈھول اور فوجی بینڈ سے ان کا استقبال کیا گیا۔ پنڈال کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔

اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیش افتخار شاہ بخاری اور ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل نے خصوصی شرکت کی۔ خوشی کی اس بابرکت تقریب میں معروف مذہبی و روحانی، علمی و ادبی، سیاسی و سماجی شخصیات اور تاجر برادری کے اہم نمائندگان بھی بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔

پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ فیصل آباد کی طرح ملک کے دیگر شہروں میں بھی منہاج القرآن کی تنظیمات علاقائی سطح پر پورا سال اجتماعی شادیوں کی تقاریب کا اہتمام کرتی ہیں۔ اس طرح ایک سال کے دوران 300 سے لیکر 500 غریب بچیوں کی شادیاں کرائی جاتی ہیں ۔ اگلے سال منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر ہر سال کی طرح غریب اور بے سہارا بچیوں کی شادیاں ربیع الاول شریف کے مہینے میں کرائی جائیں گی۔ انہوں نے تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات سے آگاہ کیا۔

اس تقریب سعید سے ناظم امور خارجہ تحریک منہاج القرآن نے بھی خطاب کیا، جبکہ نکاح کے بعد ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے دعا کرائی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کی طرف سے تقریب میں شریک ہر دلہن کو سوا لاکھ روپے مالیت کا سامان گفٹ دیا گیا اور تقریب میں 2000 مہمانوں کو پر تکلف کھانا دیا گیا۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے علماء کرام نے ہر جوڑے کا نکاح الگ الگ پڑھایا۔ دلہنوں کے گفٹ کو پنڈال میں ترتیب سے لگایا گیا تھا اور گفٹ کے اوپر ایک بینر کے ذریعے دلہا۔ دلہن اور ان کے شہر کا نام لکھا ہوا تھا۔

اجتماعی شادی کی اس تقریب کے انتظامات کسی طرح بھی انفرادی سطح پر ہونے والی شادیوں سے کم نہ تھے۔ ہر دلہن کو سونے کا سیٹ اور دلہا کو گھڑی کا تحفہ دیا گیا۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں پروفیسر محمد عارف صدیقی، منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد کے صدر میاں کاشف محمود اور تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ناظم انجینئر رفیق انجم نے خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ اس پر وقار تقریب کا اختتام قرآن پاک کے سائے 25 دلہنوں کی رخصتی سے ہوا۔ اس موقع پر خوشی کی اس تقریب میں کچھ لمحوں کیلئے لوگوں کی آنکھوں میں آنسوؤں آگئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top