منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیر اہتمام درس قرآن

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیر اہتمام مورخہ 15 نومبر 2010ء کو ہفتہ وار درس قرآن کا پروگرام منعقد ہوا جس میں منہاج القرآن سنٹر ڈنمارک کے معروف استاد علامہ سید محمد نعیم شاہ نے خصوصی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد اجتماعی طور پر درود پاک کا ورد کیا گیا۔ منہاج القرآن آسٹریا کے جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا نے علامہ سید محمد نعیم شاہ کو منہاج القرآن سنٹر ویانا میں خوش آمدیدکہا اور حاضرین محفل سے ان کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے ان کی مشن کے لئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ منہاج القرآن آسٹریا کے امیر حفیظ اللہ قادری، عادل مسعود، حاجی شاہد محمود، آفاق اکبر، یورپ کے معروف نعت خواں شہریار خان اور محمد نعیم رضا نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کی صورت میں گلہائے عقیدت پیش کی۔

علامہ سید محمد نعیم شاہ نے درس قرآن کے آغاز میں آسٹریا تنظیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں اپنی بابرکت محفلوں میں شرکت کا موقع دیا اور مبارکباد پیش کی کہ آسٹریا میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کرنے والے بہت سے عاشقان رسول موجود ہیں اور یہ آسٹریا میں مشن کے لئے کی جانے والی خدمات کا ثمر ہے کہ آسٹریا تنظیم نے ایک خوبصورت مرکز خرید لیا ہے۔ قرآن پاک کی آیت کا ترجمہ اور تشریح کرتے ہوئے علامہ سید محمد نعیم شاہ نے کہا کہ آسمانوں اور زمیں میں سے کوئی ایسی چیز نہیں جو اللہ رب العزت کی تسبیح نہ کرتی ہواور تمام تعریفیں اللہ رب العزت کے لئے ہیں۔منہاج القرآن سے وابستہ افراد قرآن سے تعلق کو مضبوط کریں۔

محفل کے اختتام پر منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے تمام شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیااور عید والے دن منہاج ڈنر میں شرکت کی دعوت دی، علامہ سید محمد نعیم شاہ نے دعا کراتے ہوئے رانا غلام سرور کی اہلیہ مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کی اور امت مسلمہ، پاکستان کی سلامتی اور حاضرین کے لئے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ:محمد نعیم رضا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top