اللہ نے اولیاء و صالحین کے ذریعے سے ہدایت کا راستہ کھلا رکھا ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

کوئی زمانہ بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کے کامل نمونوں سے خالی نہیں ہوگا
تحریک منہاج القرآن دہشت گردی کی دشمن تحریک ہے

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معرفت دینے والی تحریک ہے اور یہ اہلبیت، صحابہ کرام اور اولیاء و صالحین سے جوڑتی ہے۔ یہ دنیا کی واحد تحریک ہے جو امت مسلمہ میں توحید، رسالت، اہلبیت، صحابہ اور اولیاء و صالحین کی پانچ نسبتوں میں کمال اور ان کے مابین اعتدال پیدا کرنے کی محنت کا شعور پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تصور بالکل غلط ہے کہ صحابہ کے بعد ہدایت دینے کیلئے کوئی نہیں آئے گا۔ اللہ نے قیامت تک ہدایت کا راستہ کھلا رکھا ہے اسلئے اولیاء و صالحین قیامت تک آتے رہیں گے اگر کوئی زمانہ اللہ کے ہدایت یافتہ بندوں سے خالی ہو جائے تو اس کا مطلب ہے ہدایت کا راستہ بند کر دیا۔ زیادہ ضرورت کے زمانے میں اگر ہدایت کا سامان ختم کر دے تو مہربان رب نہ ہوا۔ اسلئے جو لوگ ایسا سمجھتے ہیں وہ قرآن کو نہیں سمجھتے اور جہالت میں ایسا کہہ دیتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز کینیڈا سے تحریک منہاج القرآن پنجاب کے تحت ہونے والے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر احمد نواز انجم، راجہ جمیل اجمل، جی ایم ملک، بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان اور دیگر صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی زمانہ بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کے کامل نمونوں سے خالی نہیں ہو گا۔ تحریک منہاج القرآن موجودہ صدی میں ہدایت کا سب سے بڑا نمونہ ہے۔ تحریک منہاج القرآن رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معرفت دینے والی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دہشت گردی کی سب سے بڑی دشمن تحریک ہے کیونکہ انتہا پسندی اور دہشت گردی دین اسلام کے خلاف ہے۔ اسلام نے انسان کو امن، محبت، رواداری، برداشت اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔ جو لوگ اسلام کے اس فلسفے سے ہٹ کر تشدد اور قتل و غارت گری کر رہے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ اپنے عمل کے خود ذمہ دار ہیں ان کا ایمان اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top