منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی کتب اور خطابات کی سی ڈیز کی نمائش 2010ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتابوں اور خطابات کی CD's کی دو روزہ نمائش ایوان اقبال لاہور میں 25 نومبر 2010ء کو منعقد ہوئی۔ ایوان اقبال کی آرٹ گیلری اور صحن میں لگے نمائشی سٹالز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 400 طبع شدہ کتب، مختلف النوع موضوعات پر 6000 سے زائد خطابات کی سی ڈیز، DVD,s شامل تھیں۔ اس کے علاوہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 30 سالہ تحریکی جدوجہد کی تصاویر، منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کے حوالے سے تعارفی فلیکس بھی تصویری نمائش کا حصہ تھے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ نے اس نمائش کا اہتمام "آؤ قائد کی فکر عام کریں" کے سلسلہ میں کیا تھا۔ یہاں موضوعات کے اعتبار سے کتابوں کو انتہائی خوبصورت ڈسپلے دیا گیا تھا اور یہ نمائش عالمی معیار کے مطابق تھی۔ اس سے پہلے منہاج القرآن ویمن لیگ نے گزشتہ سال 2009ء میں لاہور کے علاوہ اسلام آباد میں بھی شیخ الاسلام کتب کی نمائش کا اہتمام کیا تھا۔

نمائش میں رکھی گئی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب میں قرآنیات، حدیث، ایمانیات، اعتقادیات، سیرت و فضائل نبوی، ختم نبوت، عبادات، فقہیات، روحانیات، علمیات، اقتصادیات، جہادیات، فکریات، انقلابیات، سیاسیات، قانونیات، اسلام اور سائنس، اسلامی شخصیات اور عصریات سمیت درجنوں موضوعات پر دیگر کتب بھی شامل تھیں۔

اس میگا ایونٹ میں ملک بھر سے مختلف مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات، سکالرز اور دانشور مہمانوں سمیت مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کا وزٹ کے لیے تانتا بندھا رہا۔

نمائش میں آنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے معزز مہمانوں میں ایڈیٹر پاکستان ٹو ڈے عارف نظامی، جیو ٹی وی کے معروف اینکر پرسن افتخار احمد، لاہور پریس کلب کے نائب صدر عامر وقاص چوہدری، روزنامہ جنگ کے ممتاز کالم نویس، صحافی اور دانشور ارشاد عارف، کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی، ممتاز سیاسی سماجی رہنما علینا ٹوانہ، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی صدر بیگم حسنین، جنرل سیکرٹری خواتین پنجاب نیلم اعوان، ممتاز سیاسی رہنماء میاں منیر، ڈائریکٹر جنرل اردو سائنس بورڈ پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور، انڈس فاؤنڈیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر سجاد حیدر، ماہر تعلیم منیر اشفاق رحمانی، دفاعی تجزیہ نگار بریگیڈئر (ر) فاروق حمید خان، تھنک ٹینک کے چیف ایگزیکٹو ظہور احمد اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔

دو روزہ نمائش میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ اور ان کی پوری ٹیم نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں نمائش میں وزٹ کرایا۔ جس میں معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

نمائش کے دوران معزز مہمان شخصیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف دنیا کے 5 براعظموں میں مسلمانوں کی علمی پیاس بھجا رہی ہیں۔ عربی، اردو اور انگلش میں لکھی گئی یہ کتابیں صدیوں تک امت مسلمہ کی رہنمائی کا باعث ہو نگی اور مسلمانوں کی آنیوالی نسلیں اس علمی ذخیرہ سے ہمیشہ استفادہ کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری عالم اسلام کا فخر ہیں انہوں نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے۔ ان کی کتابوں میں محبت اور امن کی مہک واضح محسوس ہوتی ہے جو اسلام کے حقیقی چہرے پر پڑنے والی غلط فہمیوں کی گرد کو صاف کر دیتی ہے۔

معزز مہمانوں نے شیخ الاسلام کی کتاب "دہشت گردی اور فتنہ خوارج" میں گہری دل چسپی لی۔ اس حوالے سے تمام مہمانوں نے اس تصنیف کو موجودہ دور میں دہشت گردی کے خلاف تاریخی علمی دستاویز قرار دیتے ہوئے عالمی قیام امن کے لیے شیخ الاسلام کی خدمات کو سراہا۔ لاہور میں وزٹ کے لیے آئے ہوئے مسلم اینڈ سکھ فیڈریشن یوکے کے چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم نے بھی نمائش کو دیکھا۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن کی خدمات کو بے حد سراہا۔ نمائش میں معزز مہمانوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تعلیمی، روحانی، سیاسی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی جانب سے معزز مہمانوں کو بتایا گیا کہ منہاج القرآن پبلی کیشنز کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی 400 سے زائد کتابوں کا دنیا کی مختلف بڑی زبانوں میں ترجمے بھی کیا جا رہا ہے۔

ایوان اقبال کی آرٹ گیلری میں دو روز نمائش 26 نومبر 2010ء کو اختتام پذیر ہوگئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top