حضرت امام حسین نے کربلا میں عظیم قربانی دے کر یزید کو ہمیشہ کیلئے شکست دی : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

شیعہ سنی کو لڑانے والے امت مسلمہ کے دشمن اور خارجی ہیں
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا محرم الحرام کے آغاز پر قوم کے نام پیغام

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے محرم الحرام کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی سال کا پہلا مہینہ دینی اقدار کی حفاظت کیلئے قربانی کا عظیم پیغام لاتا ہے۔ خواہشات نفس کے خلاف جہاد کے ساتھ ساتھ مٹتی ہوئی اسلامی اقدار کی حفاظت کے لیے یزیدی فتنہ کے خلاف عملی طور پر میدان عمل میں آنا بھی بہت ضروری ہے۔

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے کربلا میں عظیم قربانی دے کر یزیدکوہمیشہ کیلئے شکست د ی۔ امت مسلمہ کو یزیدیت کے خلاف نبرد آزما رہنے کیلئے حسینی کردار سے رہنمائی لے کر اس شعور کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا ہوگا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ شیعہ سنی کو لڑانے والے امت مسلمہ کے دشمن اور خارجی ہیں اور ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دہشت گردی یزیدی فکر کا فتنہ ہے اسے کچلنے کیلئے عملی و فکری جہاد کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس محرم الحرام جیسے مقدس مہینے میں ہر سال حکومت امن و امان کے عارضی اقدامات کر کے بری الذمہ ہو جاتی ہے مگر نفرتوں کے الاؤ کو مستقل بجھانے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی جاتی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مختلف مسالک کے درمیان ہم آہنگی کیلئے حکومت نفرت پر مبنی مواد تلف کرائے اور دینی اداروں کے نصاب میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اختلافات اہل علم کے درمیان رہیں تو رحمت ہیں عوام میں لانا فتنہ و فساد برپا کرنے کے مترادف ہے اس لیے اس حوالے سے حکومت کو اپنی ذمہ داریاں صحیح طور پر ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا حضرت علی رضی اللہ عنہ اور خلفائے راشدین رضی اللہ عنہا کے درمیان محبت و الفت کا عظیم رشتہ تھا جسے ملاؤں کی فتنہ انگیزی نے بھلا دیا ہے۔ عوام کو جاہلوں کی باتوں پر کان دھرنے کی بجائے اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کے محبت سے بھر پور تعلق کو قابل تقلید بنانا ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top