تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام سوئی والا میں پانچواں درس عرفان القرآن

تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام سوئی والا میں پانچواں درس عرفان القرآن مرکزی عید گاہ میں منعقد ہوا۔ جس میں مرکز کی طرف سے نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس اور علامہ محمد لطیف مدنی نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری عبدالقیوم غوری نے حاصل کی۔ بعد ازاں ملک اسلم حماد نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ نقابت کے فرائض رانا محمد ظاہر نے سرانجام دیئے۔

علامہ رانا محمد ادریس قادری نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے سورۃ الحجرات کی روشنی میں عظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درس عرفان القرآن دیا۔ انہوں نے کہا کہ خدا رب ہو کر بھی بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آداب سکھا رہا ہے۔ اللہ رب العزت نے کبھی الگ سے حقوق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بات نہیں کی بلکہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حقوق کو ہمیشہ حقوق اللہ کے ساتھ بیان کیا۔

رسول کو اپنا بندہ بناکر بھی اللہ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو صرف بندوں والے حقوق نہیں دیے بلکہ حق بندگی کے علاوہ اللہ نے اپنے تمام حقوق اپنے رسول مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عطا فرما دیے۔ صحابہ کرام کے نزدیک رضائے الہی کو جانچنے کا معیار صرف مسکراہٹ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھا۔ قرآن کبھی بھی ایسے عمل کا تقاضا نہیں کرتا جو انسان پورا نہ کر سکتا ہو اس لیے ایمان اس محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام ہے جو دنیا کی ہر محبت پر غالب آجائے۔

تکمیل ایمان کے لیے ادب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ساتھ نصرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی لازمی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تکمیل ایمان کے تمام تقاضے پورے کروانے کی غرض سے دنیا بھر میں مصروف جہاد ہیں۔ درس عرفان القرآن کی اس تقریب میں خواتین کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ آخر پر علامہ محمد لطیف مدنی نے بھی فضیلت درود و سلام پر پرجوش خطاب کیا۔ پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں سلیم جمال غوری اور انکی ٹیم نے نمایاں کردار ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر ملکی استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top