فیصل آباد میں ٹریننگ کیمپ برائے معلمین عرفان القرآن کورسز کی اختتامی تقریب

نظامت دعوت و تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ایک ماہ کا تربیتی کیمپ برائے معلمین عرفان القرآن کورس منعقد ہوا جس کا آغاز یکم نومبر 2010ء کو دارالعلوم نوریہ رضویہ بغدادی مسجد فیصل آباد میں کیا گیا۔ اس تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب 28 نومبر 2010ء کو دارالعلوم نوریہ رضویہ فیصل آباد میں منعقد کی گئی جس میں علامہ سید ہدایت رسول شاہ قادری، میاں کاشف صدر یوتھ لیگ فیصل آباد، انصر کموکا، محمد ساجد، اللہ رکھا نعیم، عظمت حسنین شاہ، حاجی محمد امین، علامہ غلام مرتضیٰ علوی مرکزی ناظم تربیت اور علامہ محمد شریف کمالوی مرکزی ڈائریکٹر عرفان القرآن کورسز نے شرکت فرمائی۔

اس تربیتی کیمپ میں تدریس کے فرائض علامہ نصیر احمد نوری، علامہ سعید رضا بغدادی، محمد ساجد قادری اور علامہ محمد شریف کمالوی نے سرانجام دئیے۔ اس کیمپ کا بنیادی مقصد سکالرز کو جدید، آسان اور سائنٹیفک طریقے سے قرآن و حدیث کی تعلیمات عوام تک پہنچانے کے لیے تیار کرنا تھا۔ کیمپ میں 43 سکالرز نے شرکت فرمائی۔ کیمپ میں شریک ہونے والے تمام سکالرز کا تعلیمی معیار درس نظامی، ایم۔ اے عربی، ایم۔ اے اسلامیات یا فاضل عربی تھا۔ ان سکالرز کے زریعے ان شاء اللہ فیصل آباد اور گرد و نواح میں عرفان القرآن کورسز کا آغاز کیا جائے گا اور لوگو ں کا قرآن سے ٹوٹا ہوا تعلق پھر سے بحال کر نے کی کوشش کی جائے گی۔

تقریب میں نقابت کے فرائض محمد امتیاز نے سرانجام دئیے۔ تلاوت اور نعت کے بعد مرکزی ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے معلمین کے ساتھ خصوصی نشست کی جس کے بعد معلمین میں اسناد تقسیم کی گئی۔ معلمین میں عرفان القرآن کورسز کی کتابیں محمد نوید چشتی کی طرف سے بطور تحفہ دی گئیں۔ علامہ محمد شریف کمالوی نے تمام معلمین کو خصوصی ہدایات دیں۔ تقریب کے آخر پر میاں کاشف نے تمام مہانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کا اختتام سید ہدایت رسول شاہ کے دعائیہ کلمات پر ہوا جس میں انہوں نے قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عمر درازی کی دعا کی اور امت مسلمہ کے متحد ہو کر قرآن و حدیث سے تعلق جوڑنے کی دعا کی۔ اس کورس کے انعقاد میں ضلعی ناظم یوتھ میاں کاشف اور ان کی ٹیم نے مرکزی کردار ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top