چین اور انڈیا خطے میں معاشی قوت بن چکے ہیں مگر پاکستان میں سیاسی تماشے جاری ہیں : جی ایم ملک

اداروں کا ٹکراؤ غریب کو پیس رہا ہے جسکے نتیجے میں اسکا مستقبل دھند میں لپٹا ہوا ہے

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے کہا کہ چین اور انڈیا خطے میں باوقار مقام حاصل کر کے خود کو مضبوط معاشی قوت بنا چکے ہیں مگر پاکستان میں سیاسی تماشے جاری ہیں۔ وطن عزیز حقیقی قیادت سے محروم بنا دیا گیا ہے۔ جسکے باعث اسکی معاشی و سیاسی حالت اور خطے میں وقار کا گراف تنزل پذیر ہے۔ غریب دو لقموں کو ترس گیا ہے اور عوام کے بنیادی حقوق خواب بن چکے۔ اداروں کا ٹکراؤ غریب کو پیس رہا ہے اور اسے اپنا مستقبل دھند میں لپٹا دکھائی دیتا ہے۔

وہ گزشتہ روز یورپ سے آئے ہوئے مسلم سکالرز کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج بن کر کمپیوٹر سکرین پر سمٹ آئی، سائنس و ٹیکنالوجی کی حیرت انگیز ترقی سے لے کر معاشی اور سیاسی استحکام تک ہر طرف اغیار کو برتری حاصل ہے اور مسلمانوں نے بطور ملت ریسرچ سے ناطہ توڑ لیا ہے۔ تعلیم اور ریسرچ کے میدان میں برتری مسلمانوں سے چھین لی گئی اور انہیں اس پر افسوس بھی نہیں رہا۔

عرب ممالک تیل کی دولت سے مالا مال ہو کر بھی غیر مسلموں کے محتاج ہیں۔ او آئی سی مسلم ممالک کا نمائندہ ادارہ ہونے کے باوجود مؤثریت سے محروم دکھائی دیتا ہے۔ فلسطین، کشمیر، افغانستان اور عراق میں مسلمانوں کی زبوں حالی پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی کو کیا نام دیا جائے؟ امت مسلمہ اس وقت قیادت کے بد ترین بحران کا شکار ہے جس کے باعث وسائل اور با صلاحیت افرادی قوت کے باوجود امت مسلمہ زوال کا شکار ہے۔ اس زوال کو عروج میں بدلنے کیلئے مسلمانوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی میں بلند مقام حاصل کرنا ہو گا اور ملکوں کے اندر آمرانہ رویوں کے خلاف منظم جدوجہد کرنا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top