تحریک منہاج القرآن مظفر گڑھ کے زیراہتمام چوک کرم داد قریشی میں ضلعی ورکرز کنونشن
تحریک منہاج القرآن مظفر گڑھ کے زیراہتمام چوک کرم داد قریشی میں مورخہ 5 دسمبر بروز اتوار کو ضلعی ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت قائمقام سینئر نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم نے کی جبکہ سردار شاکر خان مزاری، سردار عمر دراز خاں سیہڑ اور چوہدری قمر عباس مہمانان خصوصی تھے۔ مرکزی اور صوبائی قائدین جب کنونشن میں شرکت کے لئے مظفر گڑھ پہنچے تو منہاج القرآن یوتھ لیگ کے کارکنوں نے شاندار استقبال کیا اور گل پاشی کی۔ قائدین ایک جلوس کی شکل میں بصیرہ اور پتافی سے ہوتے ہوئے چوک کرم داد قریشی پہنچے تو کارکنوں کا اپنے قائدین کو اس ورکرز کنونشن میں دیکھ کر جوش دیدنی تھا۔
کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کے بعد نعت شریف پیش کی گئی۔ افتخار قریشی ضلع امیر تحریک منہاج القرآن نے معزز مہمانان گرامی قدر اور قائدین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ قائمقام سینئر نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم اپنی گوناگوں مصروفیات میں وقت نکال کر اس دور دراز پسماندہ علاقہ میں تشریف لائے۔ میں تمام ضلع کے کارکنوں کی طرف سے ان کا صد بار مشکور ہوں۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام سینئر نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم نے کہا کہ میں آج کے اس تاریخ ساز ورکرز کنونشن کے انعقاد پر ضلع مظفر گڑھ کے تمام ضلعی، تحصیلی و یونین کونسل کے عہدیدران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بلخصوص سردار عمر دراز خاں، افتخار قریشی، چوہدی محمد سرور، منور حسن بھٹی، شیخ تمیزالدین، ڈاکٹر محمد سلیم، یوتھ لیگ کرم داد قریشی کے صدر عبدالمنان اور ان کی پوری ٹیم کو جن کی کاوشوں اور محنتوں سے آج کا یہ عظیم الشان ورکرز کنونشن انعقاد پذیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن اس صدی کی رسول نما تحریک ہے اس تحریک کی قیادت حضور شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کر رہے ہیں۔ اس کے بعد آپ نے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کی ان عالمی اور قومی خدمات کا مختصرا تذکرہ کیا جو بین المذاہب اور بین المسالک کے لئے تحریک کے پلیٹ فارم سے عملا جاری و ساری ہیں۔
کارکنوں سے مخاطب ہو کر قائمقام سینئر نائب ناطم اعلی نے کہا کہ میرے عظیم تحریکی ساتھیوں ہمارا سفر جاری ہے اور پیغمبرانہ جدوجہد پر مبنی اس سفر کو ہماری زندگیوں کے بعد بھی جاری رہنا ہے۔ آج تک کے سفر کو کافی سمجھ کر بیٹھ نہیں جانا، یہ تو ابھی ابتداء ہے ابھی ہم نے بہت آگے جانا ہے۔ صدیوں تک امت مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت اور رہنمائی کا جو شرف تحریک کو ملا ہے اس نعمت کا پہلا تقاضا یہ ہے کہ اس وابستگی کو خود بھی غنیمت جانیں اور اپنے ارد گرد ہزاروں لوگوں کو اس میں شامل کرنے کی سعی کرتے رہیں۔ ہماری تحریک عصر حاضر میں تجدید و احیائے دین کی نقیب تحریک ہے اس لئے ہمیں اپنی سیرتوں کو اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رنگ میں ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں عظیم منزل کے حصول کے لئے آج سے آرام طلبی، عیش کوشی اور بے مقصدیت کو اپنی زندگی سے نکالنا ہوگا۔ اپنی جملہ کاوشوں کو رضائے الہی کے حصول کا زریعہ بنائیں۔ علم، عمل اور تقوی کے زیور سے خود کو بھی آراستہ کریں اور دوسروں کو بھی اس سے مستفید کریں۔ محنت کریں اور سفر انقلاب میں رکنا نہیں ہے کیونکہ حضور شیخ الاسلام فرماتے ہیں راہ انقلاب پر چلنے والے کبھی مایوس نہیں ہوتے۔
سردار شاکر مزاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا ورکرز کنونشن اس وقت منعقد ہورہا ہے جب وطن عزیز کے ایک بہت بڑے حصے پر قیامت ٹوٹ چکی ہے۔ تقریبا دو کروڑ سے زیادہ لوگ سیلاب سے متاثر ہیں۔ لوگوں کے گھر تباہ ہوگئے ہیں، فصلیں بھی اس تباہ حالی سے نہیں بچ سکی ہیں، ان لوگوں کا حال اور مستقبل بھی تقریبا ختم ہوگیا ہے، بدقسمتی سے پاکستانی قوم ہر روز کسی نئے چیلنج اور انوکھی مشکل سے دوچار ہوتے ہیں مگر حالیہ ایام میں انہیں جس پریشانی نے گرفت میں لے رکھا ہے وہ اشیائے خوردنی میں بے پناہ اضافہ اور جان لیوا مہنگائی ہے۔ پہلے تو سیلاب نے تباہی مچائی اور حکومت نے ان لوگوں کی فلاح اور مدد کرنے کی بجائے ان پر مہنگائی کا پٹرول بم گرایا ہے۔ ہمارے ہاں سیاسی بدانتظامی، معاشی بدحالی کا موجب تو تھی ہی مگر اب اس بدحالی کے ساتھ بدامنی، بے روز گاری اور کرپشن کا اضافہ بھی ہوچکا ہے۔ حکومت وقت جس طرح مسائل حل کرنے اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوئی ہے قبل ازیں اس کی مثال نہیں ملتی۔
سردار عمر دراز خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کے عظیم مشن مصطفوی انقلاب کے حصول کے لئے قائد تحریک کی فکر اور نظریے کو عوام الناس میں بھر پور انداز میں متعارف کروانا بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ عوامی تائید کے بغیر انقلاب کا تصور تعبیر تک پہنچنا بہت مشکل ہے۔
چوہدری قمر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصطفوی انقلاب کا سفر طائف کی گلیوں، بدر و حنین کے کارزاروں اور کربلا کے ریگزاروں کا سفر ہے۔ انقلاب کی راہ وہی لوگ کامیابی سے طے کرسکتے ہیں جن کی انقلاب کی منزل سے وابستگی غیر متزلزل اور قیادت پر اعتماد ہر شک و شبہ سے بالا تر ہو۔ ہمیں اپنی قیادت سے عہد وفا کرتے ہوئے عوامی تائید کے حصول کے لئے دعوت کے فروغ کے لئے شب و روز کاوشیں کرنا ہونگی۔
آخر پر چوہدری سرور نے تمام مرکزی و صوبائی قائدین اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا جن کی شرکت نے اس کنونشن کی رونق کو چار چاند لگائے۔ کنونشن میں سینکڑوں کی تعداد میں ضلع کی تمام یونین کونسلوں سے کارکنوں نے شرکت کی۔ کنونشن کا اختتام دعائے خیر کے ساتھ ہوا۔
رپورٹ : چوہدری عتیق الرحمن
تبصرہ