پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا : تجمل حسین

روح قائد پکار پکار کر ہمیں جھنجھوڑ رہی ہے کہ ہم خواب غفلت سے کب بیدار ہوں گے۔ عبد الغفار مصطفوی
مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کے زیر اہتمام سیمینار "قائد اعظم اور آج کا پاکستان" سے مقررین کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام "قائد اعظم اور آج کا پا کستان" کے عنوان سے ایک سمینار منعقد ہوا جس کی صدرات مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین نے کی، اس کے علاوہ دیگر مہمان گرامی حافظ محمد رمضان نیازی صدر ایم۔ ایس۔ ایم سرگودھا ڈویژن، ساجد ندیم گوندل مرکزی سینئر نائب صدر MSM، عبدالغفار مصطفوی مرکزی سیکرٹری جنرل MSM، ضمیر مصطفوی مرکزی سیکرٹری انفارمیشن MSM، حافظ عمیر مصطفوی صدر MSM لاہور، وسیم بلوچ صدر MSM پنجاب یونیورسٹی، ماجد خان کنگ ایڈورڈ میڈکل کالج، وسیم خان صدر MSM ایف۔ سی یونیورسٹی، اور اس کے علاوہ دیگر قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔

اس موقع پر مرکزی صدر تجمل حسین نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔ یہ خطہ ارضی ہم نے پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ کا ایمان افروز نعرہ لگا کر بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا مگر افسوس جس عظیم مقصد کے لئے یہ خطہ ارضی حاصل کیا گیا اسے حکمرانوں نے فراموش کریا اور اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہوگئے جس کی وجہ سے ہمیں تقسیم پاکستان جیسا کڑوا گھونٹ بھی بھرنا پڑا۔

مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ندیم گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرونی و بیرونی دشمنوں اور شدت پسندوں کی ظالمانہ اور سفاکانہ کاروائیوں کی وجہ سے ملک عزیز دہشت گردی اور خود کش حملوں کی لپیٹ میں آگیا۔ امریکی ڈرون حملوں، کمر توڑ مہنگائی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ، بنیادی ضروریات زندگی کی عدم دستیابی، پہلے آٹے کا بحران اور اب چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے عوام کو زندہ درگور کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ پاکستانی عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالغفار مصطفوی نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں روح قائد پکار پکار کر ہمیں جھنجھوڑ رہی ہے کہ ہم خواب غفلت سے کب بیدار ہوں گے؟ قیام پاکستان کے مقصد کو کب پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے؟ قائد کے خواب کو کب شرمندہ تعبیر کریں گے؟ کیا اب بھی وہ وقت نہیں آیا؟۔

حافظ محمد رمضان نیازی صدر ایم۔ ایس۔ ایم سرگودھا ڈویژن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں چیلنجز کا جرات سے مقابلہ کرنا چاہئے تاکہ پاکستان اور اسلام کی آبرو کا تحفظ ہوسکے۔ ایک مسلمان کے لئے اس سے بڑی نوید اور کیا ہوسکتی ہے کہ وہ ایک سچے نصب العین کے لئے جام شہادت نوش کرے۔

مرکزی سیکرٹری انفارمیشن ضمیر مصطفوی نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 دسمبر، یوم قائداعظم تجدید عہد کا دن ہے جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے عظیم قائد نے قوت ایمانی کے اسلحہ سے لیس ہوکر انتھک محنت اور جدوجہد کرکے اس خطہ ارضی کو حاصل کیا۔ اس موقع پر ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہم اپنے قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے جذبہ ایمانی کو زندہ کرکے قائد کے اصل پاکستان کی حفاظت اور تکمیل کا فریضہ سرانجام دیں جو اسی صورت میں ممکن ہے کہ ہم اپنے قائد جیسی عظیم، مخلص، باکردار، باعمل اور محب وطن قیادت اور ایسا نجات دہندہ اور مسیحا تلاش کریں جو ہمیں موجودہ مسائل کی دلدل سے نکال کر سوئے منزل رواں دواں کرسکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top