منہاج القرآن میرپور آزاد کشمیر کے زیراہتمام پیغام شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کا نفرنس

تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن یوتھ لیگ میرپور آزاد کشمیر کے زیراہتمام ’’پیغام شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کا نفرنس‘‘ میرپور میں منعقد ہوئی جس کی صدارت رانا محمد ادریس قادری نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے کی۔ پروگرام میں تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کے امیر سید ابرار سرور شاہ، پروفیسر وجاہت بیگ، علامہ افتخار حسین ہاشمی، سید غلام رضا نقوی، امتیاز احمد، اسحاق چوہان، ڈاکٹر جاوید چوہدری، ڈی۔ آ ئی۔ جی ڈاکٹر لیاقت علی، سید محمود شاہ بخاری اور علامہ فاضل قادری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد بھی پروگرام میں موجود تھے۔

شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت مبارکہ سے ہوا  جس کے بعد منقبت بھی پیش کی گئی۔ کانفرنس میں خصوصی خطاب علامہ محمد ادریس قادری نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے کیا۔ انہوں نے شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت سے محبت ایمان کی نشانی ہے اور ان سے پیار قرب الٰہی و جنت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرا م رضی اللہ عنہم کا اہل بیت سے پیار و محبت مثالی تھا مگر شرپسند عناصر نے دونوں کے آپس میں تعلق کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ رب کی چاہت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چاہت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ ہیں۔ وہ حسین رضی اللہ عنہ جنہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کندھوں پر سواری کی کربلا میں باطل کے سامنے ڈٹے رہے اور صبر و استقلال کی عمدہ مثال پیش کر کے سواری رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حق ادا کر دیا۔

آج اعتدال کے ساتھ امت مسلمہ کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس دوری کو ختم کر کے قوم کو وحدت سے ہمکنار کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں اور امن کے فرو غ کے لیے مصروف عمل ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن حسینی مشن سے وابستہ ہے اور یزیدی فکر کا قلع قمع کر نے کے لیے میدان عمل میں نکل آیا ہے۔

کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کے امیر سید ابرار سرور شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن حسینی مشن میں شامل ہو کر سوئے کربلا رواں دواں ہے۔ ان کے علاوہ پروفیسر وجاہت بیگ، علامہ افتخار حسین ہاشمی، سید غلام رضا نقوی، امتیاز احمد اور اسحاق چوہان نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

پروگرام کے بہترین انتظام پر شرکاء نے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے کارکنو ں کو مبارکباد پیش کی۔

رپورٹ : عزیر قریشی

سیکرٹری انفارمیشن ایم ایس ایم میرپور آزاد کشمیر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top