منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں جاری سپینش زبان کی کلاس کا اختتام
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیرانتظام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا سے ملحقہ منہاج لائبریری میں یکم اکتوبر 2010ء کو شروع ہونے والی سپینش زبان کی کلاس مورخہ 31 دسمبر 2010ء کو مکمل ہو گئی۔ کلاس کے آخری دن طلبہ کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ نے خصوصی شرکت کی۔
الوداعی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد عمران نے حاصل کی جبکہ کلاس کے طالبعلم تنزیل الرحمٰن نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے جنرل سیکرٹری اور سپینش کلاس کے ٹیچر نوید احمد اندلسی نے تمام طلبہ کا کلاس میں باقاعدگی سے آنے پر شکریہ ادا کیا اور سپینش زبان پر عبور حاصل کرنے کے لئے ان کی محنت و لگن پر انہیں مبارکباد دی۔ نوید احمد اندلسی نے بتایا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل دنیا بھر میں امن، استحکام، علم، اخوت، بھائی چارہ اور تعلیم کے فروغ کے لئے جس انداز میں کام کر رہی ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے دنیا بھر میں جاری منہاج القرآن اور اس کے دیگر شعبہ جات کے مختلف شعبہ جات کے مختلف پراجیکٹس کی تفصیلات بتائیں، انہوں نے کلاس میں تدریسی کام میں معاونت کرنے پر محمد عثمان قادری، محمد عظیم اور عمر صدیق کا بھی شکریہ ادا کیا۔
سپینش کلاس کے طلبہ نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو یہاں بہت اچھے انداز سے پڑھایا گیا، ان کو نہ صرف ہسپانوی زبان سیکھنے کا موقع ملاہے بلکہ معلومات عامہ (جنرل نالج) اور تحریک منہاج القرآن کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ ایک طالب علم نے بتایا کہ وہ گذشتہ 3 سال سے مختلف سپینش سکولوں میں ہسپانوی سیکھنے کے لئے جاچکے ہیں لیکن یہاں تین ماہ پڑھنے کے بعد محسوس کیا ہے کہ یہاں ان تمام سکولوں سے بہتر انداز میں ہمیں تعلیم دی گی ہے، طلبہ نے اس کلاس کا انتظام کرنے پر منہاج القرآن سپین اور اچھے انداز میں ہسپانوی زبان سکھانے پر نوید احمد اندلسی کاشکریہ ادا کیا۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین مرز ا محمد اکرم بیگ نے اپنی گفتگو میں طلبہ کو کامیابی کے ساتھ کلاس کی تکمیل پر مبارکباد دی اور ان کو تلقین کی کہ وہ ہسپانوی زبان کو اپنے کام اور دنیاوی معاملات میں استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ دعوت اسلام کے لئے بھی استعمال کریں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کلاس منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے بالکل مفت فراہم کی گئی ہے اور نوید احمد اندلسی نے بھی اس میں اپنی تدریسی خدمات رضا کارانہ طور پر دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور مسلمان تمام اوامر و نواہی پر عمل کرنا چاہیے اور بطور پاکستانی کوئی ایسا عمل نہیں کرنا چاہیے جس سے ہماری شناخت متاثر ہو۔
مرزا محمد اکرم بیگ نے اعلان کیا کہ سپینش کلاس کی اسناد 19 فروری 2011ء کو قائڈ ڈے کی تقریبات کے دوران دی جائیں گی۔
رپورٹ : محمد عثمان قادری
تبصرہ