تریسٹھ (63) سال سے ملک پاکستان میں ہر حکمران نے تعلیم کو نظر انداز کیا : احمد نواز انجم

اسلام جدید تعلیم کے حصول میں رکاوٹ نہیں بنتا بلکہ تعلیم کے حصول کی ترغیب دیتا ہے
ملک و قوم کی ترقی کیلئے خواتین کو تعلیمی سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے

تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے کہا ہے کہ تعلیم و تربیت کے بغیر ملک و قوم کی ترقی ناممکن ہے۔ اقوام کا عروج و زوال تعلیم سے وابسطہ ہے جن ممالک نے تعلیم کو نظرانداز کیا وہ ذہنی غلامی کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہیں۔ خواتین کو تعلیم و تربیت سے محروم کرنا نسل کو ذہنی مفلوج کرنے کے مترادف ہے ان باتو ں کا اظہار وہ گذشتہ روز منہاج گرلز کالج میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منہاج گرلز کالج کی پرنسپل فرح ناز، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

احمد نواز انجم نے کہا کہ کاش ہماری حکومتیں اس بات کو نظر انداز نہ کرتیں اور تعلیم کی طرف مکمل توجہ دیتی مگر ایسا نہ ہوا۔ 63 سال سے ملک پاکستان میں ہر حکمران نے تعلیم کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تعلیم و تربیت کے لیے جو قدم اٹھایا وہ تاریخی کارنامہ ہے۔ تحریک منہاج القرآن ان کی سربراہی میں قوم کی تعلیم و تربیت کے لئے جہد مسلسل کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام مرد و خواتین کی تعلیم میں کوئی فرق روا نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا اسلام تعلیم و تربیت کو پہلی ترجیح پر رکھتا ہے۔ اسلام اصل میں تعلیم و تربیت کی تحریک ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا گود سے لیکر گور تک تعلیم حاصل کرو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام جدید تعلیم کے حصول میں رکاوٹ نہیں بنتا بلکہ تعلیم کے حصول کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا ملک و قوم کی ترقی کیلئے خواتین کو تعلیمی سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وہ افراد جو خواتین کی تعلیم کے خلاف ہیں انہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا ہی نہیں۔ انہوں نے کہا، تاریخ اسلام میں خواتین نے ہمیشہ جنگ اور امن، دونوں صورتوں میں مردوں کے شانہ بشانہ جرات سے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ آج بھی خواتین کسی سے کم نہیں ہیں بس انہیں تعلیمی ماحول مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top