نفس کی آلائشوں نے دنیا کی محبت میں گرفتار کرکے انسان کو اس کا اصل وطن بھلا دیا : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

تحریک منہاج القرآن مذہبی، اخلاقی اور روحانی قدروں کی بحالی کیلئے کوشاں ہے
علماء کرام اسلامی اقدار کی بحالی کیلئے منظم اجتماعیت میں شامل ہوں

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ دور میں تحریک منہاج القرآن مذہبی، اخلاقی و روحانی اقدار کی بحالی کیلئے کام کررہی ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک و اولیاء کرام کے فیوض و برکات کے سایہ تلے پروان چڑھنے والی یہ عالمی تحریک پوری دنیا میں روحانی اقدار کو پھیلا رہی ہے اور لاکھوں مسلمانوں کے قلوب کی صفائی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن سلامتی، امن، بھائی چارے اور بین المذاہب رواداری کے جذبوں کو قلوب و اذہان کی تختیوں پر نقش کرکے اسلام کی حقیقی روشنی کو عام کررہی ہے۔ وہ گزشتہ روز منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ سے ٹیلی فونک گفتگوکررہے تھے۔ اس موقع پر علامہ محمد حسین آزاد، علامہ آصف اکبر میر، علامہ محمد عثمان سیالوی، علامہ غلام اصغر صدیقی اور علامہ ممتاز حسین صدیقی بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آج علماء پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ زوال پذیر اسلامی قدروں کی بحالی کیلئے کسی منظم اجتماعیت میں شامل ہوکر دین مبین کی خدمت کا فریضہ ادا کریں کیونکہ ان کی انفرادی کوششیں مؤثر نتائج پیدا نہ کرسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نفس کی آلائشوں نے دنیا کی محبت میں گرفتار کرکے انسان کو اس کا اصل وطن بھلا دیا ہے وہ اس عارضی قیام کو ہی سب کچھ سمجھ کر دائمی زندگی کی فکر کو فراموش کر بیٹھا ہے۔ معاشرہ مادیت کی دلدل میں دفن ہوتا جارہا ہے، باطن کو پاکیزہ بنانے کی خواہش اور تڑپ معدوم ہوتی جارہی ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دبی ہوئی چنگاری کو شعلہ جوالا بناکر ایمان کو گرمایا جائے تاکہ دنیا کی محبت کی دبیز تہہ پگھل جائے اور کر قلب و باطن صاف ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے خطوط پر مہر نبوت ثبت فرماتے تھے اور عربی زبان کا قاعدہ ہے کہ یہ دائیں سے بائیں عمودی ترتیب سے لکھی جاتی ہے مگر مہر نبوت میں محمد رسول اللہ افقی ترتیب سے اس طرح لکھا جاتا ہے کہ محمد کے بعد رسول اور پھر اللہ آتا ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس ترتیب سے انسانیت کو یہ پیغام دیا ہے کہ اللہ تک پہنچنے کیلئے ضروری ہے کہ پہلے میری ذات سے عشقی تعلق قائم کیا جائے پھر اس کے بعد رسالت کا فہم و ادراک اور فیض نصیب ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top