منہاج یورپین کونسل (زون 1) کا پہلا سہ روزہ اجلاس
منہاج یورپین کونسل (زون 1) کا سال 2011ء کا پہلا سہ روزہ اجلاس مورخہ 07 جنوری سے 09 جنوری کوپن ہیگن ڈنمارک میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چودھری اعجاز احمد وڑائچ نے کی جبکہ ایگزیکٹو ممبران یورپین کونسل کے علاوہ ناروے، سویڈن، ڈنمارک اور فن لینڈ کی تنظیمات کے عہدیداران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور داؤد حسین مشہدی نے خصوصی شرکت کی۔
یورپین کونسل کے پہلے سیشن کا آغاز حافظ محمد ندیم کی تلاوت سے ہوا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کی سعادت اعجاز گوندل نے حاصل کی۔ امیر یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری اور صدر چودھری اعجاز احمد وڑائچ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اجلاس کی نقابت کے فرائض منہاج یورپین کونسل کے جنرل سیکرٹری محمد بلال اپل نے اد ا کئے۔
امیر یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری نے اپنے خطاب میں شرکائے اجلاس خصوصاً خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سخت سردی میں دوسرے ممالک سے تشریف لائے ہیں اور ڈنمارک تنظیم کو اجلاس کے لئے شاندار انتظامات کرنے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے دعوت کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے تمام فورمز اللہ رب العزت کے احکامات پر عمل درآمد اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا درس دیتے ہیں۔
ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خطاب میں ڈنمارک کے صدر سید محمود شاہ اور دوسرے عہدیداران کوشاندار انتظامات کرنے پر مبارکباد پیش کی اور شرکاء کو مشن، قیادت، سنٹروں کے معاملات اور مستقبل کے بارے میں سوالات کے جواب دیئے۔ انہوں نے کارکنوں کو مزید متحرک ہونے کی تلقین کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات سننے پر زور دیا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اعلان کیا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ ایک ہی خطاب تمام سنٹرز پر بیک وقت نشر کیا جائے ۔
داؤد حسین مشہدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن خصوصاً سیلاب زدگان کی امدا د اور قربانی کے حوالہ سے پاکستان میں کی جانے والی کاوشوں پر بریفنگ دی اور آغوش پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اجلا س میں تمام ممالک کے نمائندوں کو گروپوں میں تقسیم کرکے مشاورت کی گئی جبکہ گروپوں کے نمائندوں نے اجلاس میں اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ میڈیا کے حوالہ سے منہاج میڈیا یورپ کے صدر راؤ خلیل احمد، کوآرڈینیٹر محمد اکرم باجوہ، جنرل سیکرٹری نوید احمد اندلسی نے میڈیا کی بہتری اور بروقت کوریج پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہا رکیا۔
منہاج یورپین کونسل کے صدر چودھری اعجاز احمد وڑائچ نے اپنے اختتامی کلمات میں دعوت، موجودہ صورتحال اور آئندہ کی منصوبہ بندی پر روشنی ڈالی۔ علامہ حسن میر قادری نے دعائیہ کلمات کہے اور منہاج یورپین کونسل کے آئندہ اجلاسوں کے بارے میں اعلان کیا جس کے مطابق زون 2 کے ممالک کی میٹنگ یکم سے تین اپریل فرانس میں، زون 3 کے ممالک کی میٹنگ یکم جولائی سے تین جولائی کو اٹلی میں منعقد ہو گی، جس میں یورپین کونسل کے جملہ ممبران کے علاوہ مذکورہ زون کے ممالک کے عہدیداران شریک ہوں گے۔
اختتامی دعا کے بعد میٹنگ میں شریک جملہ ممبران کے اعزاز میں گرینڈ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
رپورٹ : محمد اکرم باجوہ، راؤ خلیل احمد
تبصرہ