طلبہ کے سکالر شپ بحال کیے جائیں اور ایچ ای سی کے فنڈز میں کٹوتی کا فیصلہ واپس لیا جائے : متفقہ قراداد

تعلیمی اداروں سے قبضہ گروپوں کا خاتمہ کر کے امن و امان کو یقینی بنایا جائے
حصول علم کے دوران سیاست کرنے والے طلبہ حقیقی لیڈر نہیں بن سکتے
اسلاف کے علوم سے کٹی ہوئی جدت پسندی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پارلیمنٹ کے اجلاس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب

تعلیمی اداروں کی نجکاری قومی مفاد میں نہیں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں فیسوں کا اضافہ تشویش ناک ہے۔ تعلیمی اداروں سے قبضہ گروپوں کا خاتمہ کر کے امن و امان کو یقینی بنایا جائے، اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک طلبہ کے سکالر شپ بحال کئے جائیں۔ ایچ ای سی کے فنڈ میں کٹوتی ناقابل برداشت ہے۔ غریب کیلئے دروازے بند کرنے کی پالیسی قابل مذمت ہے۔ یہ قراداد مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام سٹوڈنٹس پارلیمنٹ کے دو روزہ اجلاس کے اختتامی سیشن میں متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

اجلاس میں پانچوں صوبوں کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے تین سو سے زائد طلبہ عہدیداران نے شرکت کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ اجلاس کی صدارت مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر تجمل حسین انقلابی نے کی جبکہ تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سٹوڈنٹس پارلیمنٹ کے اجلاس سے کینیڈا سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی اولین ترجیح تعلیم کا حصول ہونا چاہیے، حصول علم کے دوران سیاست کرنے والے طلبہ حقیقی لیڈر نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی تربیت کا نظام نہیں ہے اسلئے طلبہ کو چاہیے کہ وہ علم کے حصول کے ساتھ ساتھ اخلاقی و روحانی تربیت کے عمل کا حصہ ضرور بنیں اور رات کا کچھ حصہ یاد الہی میں بسر کیا کریں تا کہ نفسانی خواہشات ان پر غلبہ نہ کر سکیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ طلبہ کا اسلحہ قلم اور کتاب ہے وہ اپنا مطالعہ وسیع کریں۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے خاتمے کے خلاف انہیں اپنا کردار نبھانا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ جدید علوم کے مطالعہ کو زندگی کا حصہ بنائیں اور اسلامی تعلیمات کا بھی عمیق مطالعہ کریں کیونکہ اسلاف کے علوم سے کٹی ہوئی جدت پسندی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام کی اقدار الوہی نظام پر قائم ہیں اسلئے ان میں تبدیلی کبھی نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے طلبہ تحریک منہاج القرآن کے فکری وارث ہیں اسلئے علم کو گہرائی سے حاصل کرنا ان کا فرض ہے۔ تحریک منہاج القرآن احیاء و تجدید دین کی عالمگیر تحریک ہے اس لئے اس سے وابستہ نوجوانوں کی پہلی اور آخری ترجیح علم نافع کا حصول ہے جو اس نصیحت پر عمل کریں گے انہیں دنیا میں کوئی شکست نہ دے سکے گا۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین انقلابی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کا شاہین ہمارا آئیڈیل ہے اسلئے ہم نے پرواز بلند رکھ کر سفر جاری رکھنا ہے اور تکمیل پاکستان کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں اسی کردار کو دہرانا ہو گا جو تشکیل پاکستان کے وقت قائد اعظم کی قیادت میں ادا کیا گیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top