تحریک منہاج القرآن لاہور کا میلاد مارچ پنجاب اسمبلی تا داتا دربار کل ہو گا

پنجاب اسمبلی تا داتا دربار ہونے والے مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے
راولپنڈی اور گوجرانوالا میں میلاد مارچ میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین تینوں شہروں میں خطابات کریں گے

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام محبت و ادب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ اور استقبال ربیع الاول کیلئے کل (اتوار) پنجاب اسمبلی تا داتا دربار میلاد مارچ ہو گا۔ جسمیں ہزاروں عشاق مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شرکت کر کے سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے۔ میلاد مارچ کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، امیر لاہور محمد ارشاد طاہر اور لاہور کے دیگر قائدین کریں گے۔ میلاد مارچ لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں بھی ہو گا اور تینوں شہروں میں مجموعی طور ڈیڑھ لاکھ سے زائدعشاق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسمیں شرکت کریں گے۔

میلاد مارچ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے اور اس سلسلے میں گذشتہ روز ہونیوالے اجلاس میں 15 انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان نے امیر لاہور ارشاد طاہر کو رپورٹ دی۔ میلاد مارچ میں منہاج القرآن علماء کونسل، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کے ہزاروں افراد کی نمائندگی ہو گی۔ میلاد مارچ کا مقصد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق حبی کی پختگی اور دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ اسلام امن و محبت اور سلامتی کا دین ہے اور ہر مسلمان کیلئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے عشق و محبت کا اظہار اس کے ایمان کا حصہ ہے۔

مارچ میں شریک ہر شخص حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عشق کے اظہار کیلئے امن و سلامتی پر مبنی پیغامات کے بینرز اور کتبے لے کر شریک ہو گا۔ مارچ کے شرکاء دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ اسلام کا انتہا پسندی اور دہشت گردی سے دور کا بھی واسطہ نہیں اور انسانیت کش اقدامات کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ مارچ کا مقصد معاشرے میں پائی جانیوالی تنگ نظری اور انتہا پسندی کا خاتمہ کر کے اسلام کی حقیقی تعلیمات جن کی بنیاد عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قائم ہے کو فروغ دینا ہے۔

عدم برداشت کے رویوں کے خلاف معاشرے میں ایسا ماحول پیدا کرنے کیلئے میلاد مارچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مارچ میں شریک ہر شخص امن و سلامتی کا پیغامبر بن کر سڑک پر آئے گا اسکی شرکت اس بات کا پیغام ہو گا کہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے اور ان کے امتی دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے اپنی ذمہ داریوں اور کردار سے بخوبی آگاہ ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top