مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے حکمران ا پنے ذاتی مفادات کی وجہ سے سنجیدہ نہیں : ساجد گوندل

گھمبیر سے گھمبیر مسائل کا حل بھی مذاکرات ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی
بھارت کا پرخلوص ہونا شرط ہے : سمینار سے مقرنین کا خطاب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر سمینار منعقد ہوا۔ سمینار میں پنجاب یونیورسٹی، جی سی یونیورسٹی، منہاج یونیورسٹی اور لاہور کے دیگر تعلیمی اداروں کے سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ پا کستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کشمیر ڈے منا کر ان کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سیمینارز، کانفرنسز، ریلیاں اور ورکشاپس عالمی برادری کو پیغام دیتی ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق ابھی نہیں ملا۔ ان خیالات کا اظہار مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین نے یوم یکجہتی کشمیر سمنیار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حکومتوں کی پالیسیاں عوام کے جذبات کی نمائندہ کبھی نہیں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سائنس و تکنیکی علوم میں دسترس حاصل کر کے اس مملکت خداداد کو سنوارنا ہوگا۔

سمنیار سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر فقط احتجاجی جلسوں، جذباتی نعروں یا ریلیوں سے حل نہیں ہو گا بلکہ اس کے حل کے لیے ہمیں وطن عزیز کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اس کمال پر پہنچانا ہوگا جہاں ہرکوئی ہماری بات سنے اور اسے اہمیت دے۔ مسئلہ کثمیرکے حل کیلئے حکمران اپنے ذاتی مفادات کی وجہ سے سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھمبیر سے گھمبیر مسائل کا حل بھی مذاکرات ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی بھارت کا پرخلوص ہونا شرط ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین روابط اور مستقل پرامن تعلقات کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے لیکن بھارت کی جانب سے کبھی اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدگی نظرنہیں آتی۔

MSM کے مرکز ی سیکرٹری انفارمیشن ضمیر مصطفوی نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے جبکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس اہم عالمی مسئلے کے حل کے لیے جس کی وجہ سے دونوں ممالک میں تین جنگیں ہو چکی ہیں عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اٹھائے اور اس کے ساتھ ساتھ بھارت پر یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے پر زور ڈالے۔

سمینار سے صدر MSM لاہور عمیر مصطفوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین سب سے بڑا تنازعہ کشمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بہت وقت ضائع کر دیا۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے زمینی حقائق اور تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کو پا کستانی حکمرانو ں نے حل کرنے کے لیے کبھی سنجیدہ کاوش نہیں کی۔

اس موقع پر وسیم بلوچ صدر پنجاب یونیورسٹی، بلال مصطفوی صدر جی سی یونیورسٹی، محمد زکی، خبیب حمید، علی رضا، عاصم رشید، معظم حبیب بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top