تحریک منہاج القرآن لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے میلاد مارچ میں ہزاروں افراد کی شرکت

محبت و ادب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ اور استقبال ربیع الاول کیلئے تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام پنجاب اسمبلی تا داتا صاحب ہونے والے میلاد مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے اور آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں ہونے والے میلاد مارچ میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یوں تین شہروں میں ہونے والے میلاد مارچ میں مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔ عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دل میں حضور کے اسم پاک محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جو اس بات کی علامت ہے کہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان کا ایمان ہے جو امت مسلمہ کے دلوں کو گرمائے ہوئے ہے۔ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے مختلف قسم کی تحریروں پر مشتمل کتبے اور بینرز بھی ہزاروں کی تعداد میں موجود تھے۔

پنجاب اسمبلی تا ناصر باغ جگہ جگہ مختلف بینرز لگے ہوئے تھے جس پر ربیع الاول کی خوشیوں کو منانے کے حوالے سے ترغیب دی گئی تھی۔ میلاد مارچ کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر نے کی جبکہ اس موقع پر مرکزی، صوبائی اور لاہور کے دیگر قائدین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ میلاد مارچ کے ہزاروں شرکاء مسجد شہداء، انارکلی، ناصر باغ سے ہوتے ہوئے داتا دربار پہنچے۔ ناصر باغ میں ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس دل میں محبت و عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا چراغ روشن ہو وہی معاشرے سے انتہاء پسندانہ اور دہشت گردانہ رویوں کے خاتمے میں کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد مارچ میں شریک ہزاروں افراد کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سڑکوں پر کھینچ لائی ہے۔ یہ سب امن کے سفیر ہیں اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی پر ہماری تمام تر خوشیاں ہیچ نظر آنی چاہیں۔ تحریک منہاج القرآن گزشتہ 27سال سے مینار پاکستان پر عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس منعقد کررہی ہے اور یہ عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان اور پاکستانیوں کے لیے قابل فخر ہے مگر افسوس امسال حکومت پنجاب اور انتظامیہ اجازت دینے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سن لے 15 فروری بروز منگل میلاد کانفرنس مینار پاکستان پر ہی ہوگی جہاں لاکھوں افراد حضور کے پیغام امن و سلامتی کو پوری دنیا میں عام کرنے کا عزم کرنے کے لیے جمع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مرکز ی و صوبائی حکومت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ میلادکانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہی ہو گی اور انتظامیہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے اس حوالے سے ہم کسی لیت و لعل اور رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا چراغ ہر مسلمان کے سینے میں روشن ہے۔ میلاد سے بڑھ کر دنیا میں کوئی خوشی نہیں ہے۔ آج میلاد مارچ میں شریک ہزاروں لوگو ں کے چہرے فرحت و شادمانی سے دمک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنگ نظری، انتہا پسندی، عسکریت پسندی اور دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردوں کا اسلام مدینہ سے نہیں کہیں اور سے آیا ہے۔ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل اور کانفرنسز معاشرے میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری عالمی سطح پر عشق مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کے لیے جو کام کررہے ہیں وہ تنگ نظری اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ دے گا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ جس کا باطن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے معمور ہوجائے اس کے ہر عمل سے خیر، فلاح اور انسانیت کو امن اور سلامتی دینے والے رویے ہی پھوٹتے ہیں۔ میلاد مارچ ناصر باغ سے ہوتا ہوا داتا صاحب پہنچا جہاں ہزاروں افراد نے سرکار کی آمد مرحبا، حضور آپ آئے تو دل جگمگائے کے نعرے بلند آواز میں لگائے۔ داتا صاحب کے مزار کے باہر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمن درانی اور سید فرحت حسین شاہ نے ملکی سلامتی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعا کی۔

میلاد مارچ لاہور کے تصویری مناظر

میلاد مارچ گوجرانوالہ کے تصویری مناظر

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top