تحریک منہاج القرآن گجرات کا میلاد مارچ

تحریک منہاج القرآن کی طرف سے ماہ ربیع الاول مبارک میں ملک بھر میں میلاد مارچز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے 4 فروری 2011ء کو گجرات میں منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور تحریک منہاج القرآن کی جانب سے ایک منظم اور پروقار میلاد مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ مارچ کی قیادت تحریک منہاج القرآن گجرات کے قائدین نے کی۔ اس موقع پر مرکزی رہنماء بلال مصطفوی سمیت دیگر قائدین بھی شامل تھے۔

مارچ روٹ جی ٹی ایس چوک گجرات سے شروع ہو کر فوارہ چوک، چوک نواب صاحب، شاہ دولہ چوک، چوک پاکستان، پرنس چوک اور کابلی چوک سے ہوتا ہوا واپس جی ٹی ایس چوک پر ختم ہوا۔

مارچ کا باقاعدہ آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور نعت مبارکہ سے ہوا۔ میلاد مارچ میں سینکڑوں شرکاء شامل ہوئے۔ جنہوں نے ہاتھوں میں سبز جھنڈیاں اور اسم محمد والے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔ میلاد مارچ کے شرکاء میں بچے جگہ جگہ نعت خوانی بھی کرتے رہے۔

میلاد مارچ میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کے علاوہ شہر بھر سے مختلف طبقہ ہائے فکر کے رہنماء اور عوام کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ لوگوں نے راستے میں جگہ جگہ مارچ کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اسے خوش آمدید کہا۔ مختلف ٹولیوں کی شکل میں لوگ مارچ میں شرکت کرتے رہے۔

میلاد مارچ کے شرکاء سے منہاج القرآن علماء کونسل کے صدر حافظ محمد اشرف نقشبندی نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن میلاد کی مہم کو امت مسلمہ کی ثقافت بنانا چاہتی ہے۔ جس کا مقصد امت میں محبت رسول اور عشق رسول کے ایمانی جذبے کو پھر سے زندہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد مارچ امن کا پیغام ہے اور آج تحریک منہاج القرآن اس پیغام امن کو عام کرنے میں مصروف ہے۔ یہ میلاد مارچ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمان امن پسند لوگ ہیں۔

میلاد مارچ کے شرکاء میں موٹر سائیکل سوار بھی شامل تھے۔ مارچ میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبٹنے کے لیے منہاج ایمبولینس کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ نہایت عمدہ سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے تھے۔ آخر میں منہاج القرآن گجرات کے صدر پروفیسر مظہر حسین قادری نے تمام شرکاء جلوس اور ضلع بھر سے آنے والی تنظیمات کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد آتش بازی کا شاندار مظاہر بھی ہوا۔ میلاد مارچ کا اختتام دعائے خیر سے ہوا، جس کے بعد شرکاء میں ضیافت میلاد بھی تقسیم کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top