مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پنجاب یونیورسٹی لاہور کا ’عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور طلبہ کا کردار‘ پر سیمینار
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پنجاب یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام طلبہ کے لیے خصوصی سیمنار بعنوان ’’عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور طلبہ کا کردار‘‘ 7 فروری 2011ء مرکزی سیکرٹریٹ تحریک میں منعقد ہوا۔ کانفرنس ہال میں منعقد ہونے والے پروگرام کی صدرات عمیر مصطفوی صدر MSM لاہور نے کی جبکہ سابق صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری امجد حسین جٹ مہمان خصوصی تھے۔
ضمیر مصطفوی مرکزی سیکرٹری انفارمیشن MSM، چوہدری علی رضا مرکزی ڈپٹی سیکرٹری میڈیا، چوہدری عاصم رشید، معظم حبیب اور وسیم بلوچ صدر MSM پنجاب یونیورسٹی بھی دیگر مہمانان گرامی میں شامل تھے۔ سیمینار میں ایم ایس ایم کے دیگر عہدیداران اور کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد ظفر اقبال نے حاصل کی اور نعت مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محمد نعیم بلوچ نے پڑھی۔ اس کے بعد MSM پنجاب یونیورسٹی کے صدر وسیم بلوچ نے مہمانوں کواستقبالیہ کلمات پیش کیے۔
چوہدری امجد حسین جٹ نے کہا کہ ’’عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور طلبہ کا کردار‘‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آج کے دور میں نوجوان طلبہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھلا چکے ہیں۔ جسکی وجہ سے آج امت مسلمہ اور بالخصوص ملک پاکستان کے نوجوان کلی بگاڑ کا شکار ہو چکے ہیں۔ آج اگر اس ملک کو ہم ترقی کی راہ پر ڈالنا چاہتے ہیں تو ہمیں نوجوان طلبہ میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع روشن کرنی ہو گی تا کہ ہم ایک اچھے سائنسدان بننے کے ساتھ ساتھ اچھے مسلمان بھی بنیں۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی نوجوانوں کو چاہیے کہ مشن کا پیغام ہر طالب علم تک پہنچائیں تاکہ مصطفوی انقلاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے صدر عمیر مصطفوی نے سیمینار سے کہا کہ آج معاشرے میں برائی کی قوتیں دن بدن زور پکڑ رہی ہیں۔ آج کا نوجوان تیزی سے دین سے دوری کی راہ پر گامزن ہے۔ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوانوں کو اپنے اندر نیکی کی قوتیں پیدا کر کے ان کی رفتار تیز کرنا ہو گی۔ طلباء کی اصلاح کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ آج اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں فحاشی اور بے راہ روی کا سیلاب نوجوان نسل کے اخلاق اور کردار کو بُری طرح متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں طلباء ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور کسی بھی قوم کا سرمایہ اور معمار ہوتے ہیں۔
چوہدری عاصم رشید نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان میں نوجوانوں کا کردار کسی سے مخفی نہیں۔ آج نوجوانوں کو استحکام پاکستان کیلئے بھی سربکف ہونا چاہیے تاکہ اسلام اور پاکستان کے بدخواہ اسے نقصان نہ پہنچا سکیں۔
معظم حبیب نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء تنظیموں کو بھی چاہیے کہ تعلیمی اداروں میں پرامن اور خوشگوار تعلیمی ماحول اور طلبہ میں صحت مند تعلیمی رویے پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ اس وقت ملک عزیز طرح طرح کی دھڑے بندیوں، گروہوں اور طبقات کی شدید ترین گرفت میں ہے۔ مذہبی ذوق رکھنے والے طبقے کی قابل ذکر تعداد اپنی مسلکی عصبیتوں کو فرقہ واریت کی حد تک لے آ ئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ طلباء تنظیمیں طلبہ کو محدود وفاداریوں سے بلند کر کے طبقے، گروہ یا مسلک کے تعصبات کو اپنی ترجیح قرار دینے کی بجائے دین اسلام اور نسبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی لڑی میں پرونے کی کوشش کریں۔
آخر میں سینئر نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پنجاب یونیورسٹی محمد ظفر اقبال نے دعائیہ کلمات ادا کیے۔ جس کے بعد تمام شرکاء اور معزز مہمانوں کو پرتکلف ڈنر بھی دیا گیا۔
رپورٹ : محمد ضمیر مصطفوی مرکزی سیکرٹری انفارمیشن MSM
تبصرہ