ستائیسویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں آج ہو گی، تیاریاں مکمل
کانفرنس میں دنیا بھر سے لاکھوں خواتین و حضرات شرکت کریں گے
تحریک منہاج القرآن عشق مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کیلئے دنیا بھر میں
مرکزی کردار ادا کر رہی ہے
عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت
کے عقیدے کو فروغ دیا ہے
سیکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے پانچ ہزار نوجوان
پنڈال میں مختلف جگہوں پر موجود ہوں گے
عالمی میلاد کانفرنس کے سربراہ شیخ زاہد فیاض کی مینار پاکستان کے سائے تلے پریس کانفرنس
عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں آج ہو گی جسے ARY News مینار پاکستان سے براہ راست شب دو بجے نشر کرے گا۔ کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 27ویں عالمی سالانہ میلاد کانفرنس میں ملک اور بیرون ملک سے لاکھوں عشاق شرکت کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کر کے دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ ولادت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر ان کیلئے دنیا میں کوئی خوشی نہیں ہے۔ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے اور تحریک منہاج القرآن عشق مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کیلئے دنیا بھر میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری پوری دنیا میں امن کے سفیر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی میلاد کانفرنس کے سربراہ اور تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میلاد کانفرنس کے سیکرٹری جواد حامد، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، راجہ جمیل اجمل، قاضی فیض الاسلام، شمیم نمبردار، ساجد بھٹی، ارشاد طاہر اور 50 انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سمیت صوبائی اور لاہور کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ملک بھر سے مشائخ عظام، قرآء و نعت خواں حضرات، علماء کرام اور مقتدر مذہبی و سیاسی شخصیات کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ اس موقع پر گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پورے سال میں پڑھا جانیوالا ایک ارب سے زائد درود پاک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جائے گا۔ مینار پاکستان کے وسیع پنڈال میں 04 دیو ہیکل LED سیکرینز بھی لگائی جائیں گی تا کہ دور دور تک بیٹھے لاکھوں لوگ سٹیج کی کارروائی کو قریب سے دیکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ میلاد کانفرنس میں شریک افراد کیلئے شام 7بجے سے رات 9بجے تک ضیافت میلاد مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی۔ میلاد کانفرنس کی سیکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے پانچ ہزار نوجوان پنڈال میں مختلف جگہوں پر موجود ہوں گے۔ انٹرنیٹ اور نجی ٹی وی چینلز کے ذریعے عالمی میلاد کانفرنس براہ راست پوری دنیا میں دیکھی جائے گی اسطرح بالواسطہ طور پر عالمی میلاد کانفرنس میں کروڑوں افراد شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عالمی جشن کے طور پر منائے گی۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم کو آج کی پریس کانفرنس کے ذریعے پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہر گھر کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقوں سے سجایا جائے۔ گھروں میں بچوں کے ہمراہ میلاد مصطفےٰ کی ولادت کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں، ربیع الاول کے کارڈ اور تحائف کا تبادلہ کیا جائے۔ صاف ستھرے لباس پہن کر خوشبو لگائی جائے اور ان دنوں کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق میں ڈوب کر گزارا جائے اور ان کی ذات سے محبت کرنے کی فکر کو عام کرنے کی تجدید کی جائے۔
شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے مقاصد میں سب سے مقدم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے کیونکہ ذات سے محبت کے بعد انکی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی تحریک ملتی ہے۔ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے سکونی، بے چینی و اضطراب سے نجات کا ذریعہ بھی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا انعقاد ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہے اور تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں ان رویوں کے خاتمے کیلئے برسر پیکار ہے۔
تبصرہ