منہاج القرآن ویمن لیگ یونین کونسل نمبر 7 لیاری کراچی کے زیراہتمام میلاد مصطفٰی (ص) کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ یونین کونسل نمبر 7 لیاری، کراچی کے تحت استقبال ربیع الاول کانفرنس کی نشست 9 فروری 2011ء بعد نماز ظہر مندرہ کمیونٹی ہال مندرہ آباد لیاری میں منعقد ہوئی۔ ہال کو خوبصورت استقبالیہ بینروں اور کتبوں سے سجایا گیا تھا۔ استقبال ربیع الاول کانفرنس کے لئے خصوصی طور پر (ECHO SOUND) ایکو ساؤنڈ اور میڈیا کوریج کیلئے فوٹوگرافی کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ اس نشست میں ویمن لیگ لیاری ٹاؤن کی دعوت پر کمھار کمیونٹی، مندرہ کمیونٹی، سنگھار کمیونٹی، شیخ کمیونٹی، نیول فلیٹس، گلستان کالونی، بہار کالونی اور ہزارہ کالونی سے کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی جبکہ دیگر کمیونٹیز کی 400 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں منہاج القرآن ویمن لیگ لیاری کراچی کی عہدایداران جن میں صدر ویمن لیگ محترمہ ریحانہ جاوید اقبال صاحبہ، نائب صدر شبانہ زاہد راجپوت صاحبہ، ناظمہ ندا فلک صاحبہ، ناظمہ تربیت محترمہ رضوانہ شاہد، ناظمہ گلستان کالونی محترمہ سمیرا ظہیر احمد الاسنادی صاحبہ شامل ہیں، نے بھی خصوصی شرکت کی۔

استقبال ربیع الاول کانفرنس بیگم حاجی محمد مندرہ صاحبہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں دختر پیر سید اسماعیل جان سرہندی صاحبہ اور بیگم پیر امیر شاہ صاحبہ شامل تھیں۔ جبکہ نقابت کے فرائض محترمہ عذرا محمد صدیق نے انجام دیئے۔ اس نشست کا آغاز قرآن مجید کی آیات بینات کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت محترمہ شفق مصطفوی نے حاصل کی۔ منہاج نعت کونسل اور دیگر نعت خواں جن میں محترمہ ثمینہ بنت محمد عباس مصطفوی، محترمہ عائشہ مصطفوی، زینت مصطفوی، صبا نیازی، عائشہ طالب حسین، ماریہ اور تسبیحٰہ صاحبہ شامل ہیں، نے بھی آقا علیہ السلام کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

سلسلہ نعت کے اختتام پر محترمہ ریحانہ جاوید اقبال صاحبہ صدر ویمن لیگ لیاری نے استقبال ربیع الاول کے حوالے سے امت مسلمہ پر آقا علیہ السلام کی ولادت کی نعمت کے ملنے پر خوشی منانے اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت چلنے والے حلقہ جات درود کا تعارف کرایا اور ماہ میلاد کے دوران منعقدہ سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کوعام کرنے کا درس دیا۔ انہوں نے عصر حاضر کے پر فتن دور میں ہماری ذمہ داریوں، تحریک منہاج القرآن اور حلقہ جات درود کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے گھر گھر قیام کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ جسے حاضرین نے بے انتہاء پسند کیا۔

پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب "حقیقت جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (لبرٹی)" بھی دکھایا گیا۔ جبکہ ماہ میلاد کے حوالے سے خصوصی طور پر تیار کردہ پمفلٹ، اسٹیکرز اور پوسٹرز بھی تقسیم کئے گئے۔ محفل کے اختتام پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارگاہ میں صلوٰۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ جبکہ محترمہ ریحانہ جاوید اقبال صدر ویمن لیگ لیاری نے امت مسلمہ، شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت اور حاضرین کی جمیع مشکلات اور پریشانیوں سے نجات کیلئے خصوصی دعا کی۔ پروگرام کے اختتام پر نیاز بھی تقسیم کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top