منہاج یونیورسٹی لاہور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 60 ویں سالگرہ تقریب
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 60ویں سالگرہ دنیا کے پانچ براعظموں میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلسہ میں منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام 19 فروری 2011ء کو خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارات امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کی۔ جبکہ مہمانان گرامی میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر علی محمد، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور کرنل ریٹائرڈ محمد احمد، ڈپٹی رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور جی ایم ملک، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، ، ناظم مالیات جاوید اقبال قادری، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ناظم اجتماعات جواد حامد، ناظم امورخارجہ راجہ جمیل اجمل، حافظ نیاز احمد، پروفیسر سجاد العزیز اور محمد عباس نقشبندی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
منہاج یونیورسٹی لاہور میں ہونے والی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امن کیلئے خدمات انہیں دنیا میں منفرد مقام دلاتی ہیں۔ شیخ الاسلام کی علمی، روحانی، تعلیمی، سیاسی اور سماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کو شیخ الاسلام کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رکھے ہوئے ہے اور آج کا دن لاکھوں کارکنوں کیلئے تجدید وفا کا دن ہے کہ وہ اس عظیم قیادت کی رہنمائی میں مصطفوی انقلاب کی منزل کو ضرور حاصل کریں گے۔
ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا عالم گیر پھیلاؤ اور اس کی موثریت اس بات کی گواہ ہے کہ 30سال کے قلیل عرصہ میں تحریک منہاج القرآن دنیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک کا روپ دھار چکی ہے اور یہ سب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تاریخ ساز شخصیت کی بدولت ہے۔ آج دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے لاکھوں کارکن عہد کرتے ہیں کہ ہم عظیم قائد کی عظیم فکر کے امین بن کر ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔
تقریب کے آخر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، روحانی، تعلیمی، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تبصرہ