مراقبہ ہال ویانا کی جانب سے منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب

مراقبہ ہال ویانا کے اہم راہنما حاجی محمد مسعود آف لاہورکی جانب سے جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی کے موقع پر منہاج القرآن آسٹریا کے منہاج کلچر سنٹر ویانا کے قیام اور تقریبا ً تکمیل مکمل ہونے کی خوشی میں منہاج القرآن کے صدر خواجہ محمد نسیم اور ان کی پوری ٹیم کو مورخہ 18 فروری 2011ء بروز جمعۃ المبارک کو شام سات بجے ایک پر تکلف عشائیہ دیا گیا۔

تقریب میں مراقبہ ہال ویانا کے کوآرڈینیٹر محمد آفتاب سیفی، مراقبہ ہال ویانا شعبہ خواتین، منہاج ویمن لیگ، پاکستان اوور سیز الائنس آسٹریا کے صدر فاروق چودھری، نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبدالحفیظ الازہری، محمد ثیاب احمد، محمد طارق، حافظ محمد یوسف، محمد پرویز، وحید احمد، عمیر الطاف، ڈاکٹر محمد مبشر، سید اظہر شاہ، پاک ایشیاء کلچر آسٹریا کے چیئرمین حاجی قاسم علی، پاکستان میڈیا ایسوسی ایشن، معروف مذہبی ،سماجی اور رفاہی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کی تنظیم خواجہ محمد نسیم کی قیادت میں مسعود ہاؤس پہنچی تو مراقبہ ہال ویانا کے کوآرڈینیٹر محمد آفتاب سیفی اور حاجی محمد مسعود نے ان کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔ تقریب کا آغاز حافظ محمد یوسف کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، محمد نعیم رضا نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ محمد آفتاب سیفی نے نقابت کے فرائض ادا کرتے ہوئے منہاج القرآن کو خراج تحسین پیش کیا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے مراقبہ ہال ویانا کے حاجی محمد مسعود اور دوسرے عہدیداران کا عشائیہ کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ویانا میں دین اسلام کے لئے کام کر رہے ہیں ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ ویانا میں تمام مساجد کو آباد رکھنے میں جتنی ہو سکے مدد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مورخہ 26 فروری کو گیارہویں میلاد کانفرنس میں مراقبہ ہال کی پوری تنظیم بھر پور انداز میں شرکت کرے۔

پروگرام کا اختتام علامہ عبدالحفیظ الازہری کی دعا سے ہوا۔ جملہ شرکائے ڈنر نے حاجی محمد مسعود کو پرتکلف عشائیہ پر مبارکباد پیش کی اور شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ : محمد اکرم باجوہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top