منہاج ویمن لیگ ڈنمارک کے زیراہتمام جشن میلاد البنی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقریب

منہاج ویمن لیگ ڈنمارک کے زیراہتمام مورخہ 06 فروری 2011ء کو جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں گرد و نواح سے خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد اور منہاج القرآن انٹرنیشنل انگلینڈ کے امیر علامہ محمد صادق قریشی الازہری تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت قاری عتیق نے حاصل کی۔ جس کے بعد نمرہ گروپ نے حمد پیش کی جبکہ مریم گروپ، آمنہ گروپ، مسکان گروپ، نبیلہ گروپ آف آماسنٹر، سمیلہ قریشی، شبانہ احمد اور منہاج یوتھ سسٹرز نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کے گجرے پیش کئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل انگلینڈ کے امیر علامہ محمد صادق قریشی نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و حدیث سے ثابت ہے کہ اللہ کے محبوب اور برگزیدہ بندوں کا ذکر کرنا عبادت ہے اور قرآن کی بعض سورتوں کے نام اللہ کے نیک بندوں کے نام پر ہیں۔ تاریخ اسلام کے ہر دور میں صحابہ کرام سے لیکر آج تک تاجدار کائنات کی پاکیزہ سیرت اور حسن صورت کا بیان کرنا ہر صاحب ایمان و محبت کا محبوب عمل رہا ہے۔ آئمہ و محدثین، علماء کاملین اور اولیاء و عارفین سب اپنے اپنے ذوق کے مطابق ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا اہتمام کرتے چلے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجدار کائنات کی ولادت باسعادت پر خوش ہو کر جشن منانا ایمان کی علامت ہے اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ قلبی تعلق کا آئینہ دار ہے، انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمیں اگر اپنے رب کو راضی کرنا ہے تو سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع میں اپنی ذات کو رنگنا ہوگا تاکہ ہمارا ہر عمل سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا آئینہ دار ہو۔

کانفرنس سے مسز سمیرہ خلیقی نے بھی خطاب کیا۔ الفرغانہ انسٹیٹوٹ کے پرنسپل عاصم ندیم محمد نے ڈینش زبان میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے گفتگو کی اور قرآن و حدیث کی روشنی میں میلاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض منہاج یوتھ کی سسٹر مسرت ظہور نے احسن انداز میں سرانجام دیئے اور سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کا اختتام ناہید سراج کی دعا سے ہوا اور مہمانوں کی ضیافت میلاد سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ : شبانہ احمد

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top