منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ برطانیہ کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ برطانیہ کے زیراہتمام مورخہ 19 فروری 2011ء بروز ہفتہ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 60 ویں سالگرہ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں برطانیہ سے تحریک سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی تنظیمی وتحریکی عہدیداروں نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کی خاص بات شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کی بذات خود تقریب میں شرکت تھی۔

تقریب میں شرکت کے لئے وابستگان کا جوش و خروش دیدنی تھا، کارکنان اپنے محبوب قائد سے والہانہ محبت اور ان کے عظیم مشن سے پرخلوص تعلق کے اظہا رکے لئے قافلہ در قافلہ نظم و ضبط کے ساتھ موسم کی پرواہ کئے بغیر ہال میں پہنچ رہے تھے لیکن داخلہ ٹکٹ کوٹے کی بنیاد پر ہونے اور ہال میں گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں افراد شدید خواہش کے باوجود شرکت نہ کر سکے۔ تقریب کا آغاز فرقان حمید نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ نعت خواں حضرات نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول پیش کئے۔ پروگرام کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل یو کے  کے نومنتخب امیر نامور بزرگ صحافی ظہور احمد نیازی نے کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل یو کے کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی نے شرکائے تقریب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ مادیت پرستی اور فتنہ و شر کے اس دور میں خوش قسمت ہیں کہ جنہیں اللہ والوں کی نسبت ملی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صدی کے عظیم مجدد کے قافلے میں شامل ہونے سے ہی ہمارے دلوں میں سکون کی دولت نصیب ہو گی۔ آئیے آج ہم اس ماہ ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بابرکت اور رحمت و مغفرت بھرے مہینہ میں سرمایہ دین و ملت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے برتھ ڈے کے موقع پر توبہ کرتے ہوئے، زندگی بھر اسلام کے پیغام امن و محبت اور منہاج القرآن کے عظیم مشن اور سوچ کے امین بن کر اپنی زندگیوں میں ایسی تبدیلی لائیں کہ ہمارے اعمال اور کردار ایک ایسے امن پسند، معتدل، مستقل مزاج اور پر سکون شہری کی گواہی دیں، جس سے ملنے والے ہر طبقہ اور رنگ و نسل کے لوگ اسے اسلام کا حقیقی نمائندہ جان کر خوشی محسوس کریں۔

ناورے سے پرویز نثار کی قیادت میں علامہ حسن میر قادری، عبدالجبار بٹ اور نعیم چودھری کا قافلہ بھی تقریب میں شرکت کے لئے پہنچا جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری 60 برس کے ہونے کے باجود اپنے عزم اور مشن پر آج بھی اسی طرح ڈٹے ہوئے ہیں، آپ کے شب و روز خدمت اسلام اور تحقیق و تحریر میں گزر رہے ہیں۔ نارتھ امریکہ میں ہونے والے حالیہ خطابات امت مسلمہ کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی دلدل سے نکالنے کی وہ منظم کوشش ہے جسے اقوام عالم کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ ڈنمارک کے امیر سید محمود شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے پیغام امن اور محبت کو عام کرنے کے لئے منہاج القرآن ڈنمارک نے اڑھائی ملین پاؤنڈ کا ایک شاندار سنٹر خریدا ہے جو مشرق و مغرب میں بسنے والوں کے درمیان دوریوں کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کی اصلاح کا فریضہ سرانجام دے گا۔ تقریب میں ہالینڈ سے علامہ حافظ نذیر احمد، کینڈا سے ظفر ارشد اور اقبال پٹیل نے بھی شرکت کی۔ منہاج القرآن انڈیا کے صدر سید ناد علی حسن علی نے شیخ الاسلام کو ان کی سالگرہ کے موقع پر عرفان القرآن کا ہندی زبان میں ترجمہ پیش کیا جس پر شیخ الاسلام نے انہیں خدمت قرآن کی اس محنت پر مبارکباد اور دعائیں دیں۔

تقریب میں فرانس سے تشریف لائے قوال نے اپنی ٹیم کے ساتھ قوالیاں اور عارفانہ کلام پیش کیا جس سے تقریب میں ایک وجدانی کیفیت پیدا ہو گئی۔ پروگرام کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ پروگرام کا اختتام شیخ الاسلام کی رقت آمیز دعا سے ہوا جس کو سن کر ہر شخص کی آنکھیں اشک بار اور دل محبت الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نم ہو گئے۔ تقریب کا اختتام پر تمام شرکاء کو میلاد ڈنر پیش کیا گیا اور شیخ الاسلام نے جملہ شرکاء سے باری باری مصافحہ کیا۔

رپورٹ : شاہد جنجوعہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top