وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی کا قتل گھناؤنی سازش ہے : ڈاکٹر طاہر القادری

مورخہ: 02 مارچ 2011ء

ایسی مذموم کارروائی کوئی مسلمان نہیں کر سکتا، ملک دشمن عناصر ملوث ہیں
معاشرے میں انتہا پسندانہ رجحانات کے خاتمے کیلئے حکومتی سطح پر سنجیدہ اقدامات نہ اٹھانا ایسے واقعات کی بڑی وجہ ہے

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی کے قتل کو گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مذموم کارروائی کوئی مسلمان نہیں کر سکتا اسمیں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں اس واقعہ سے پاکستان کے محفوظ ریاست نہ ہونے کے تاثر کو تقویت ملے گی اور اسکے ملکی معیشت پر مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ بیرونی دنیا میں پاکستان کے تشخص کو شدید دھچکا پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر اور قوتیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے ایسی سفاک کاروائیاں کر رہے ہیں جو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے خطرہ ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مذہبی اور سیکولر انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہیں یہ واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں انتہا پسندانہ رجحانات کے خاتمے کیلئے حکومتی سطح پر سنجیدہ اقدامات نہ اٹھانا ایسے واقعات کی بڑی وجہ ہے۔ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کو ملحوظ رکھ کر منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top